محکمہ آبی وسائل نے کمزور پشتوں کی نگرانی کے لیے 600 اہلکار تعینات کیے ہیں، جب کہ 45 سے زائد انجینئر رات کے وقت گشت کر رہے ہیں تاکہ دراڑ یا پانی کے رساؤ کو بروقت روکا جا سکے۔ بہار کے 10 اضلاع—بکسر، بھوجپور، پٹنہ، ویشالی، سمنپور، مونگیر، بیگوسرائے، کٹیہار، بھاگلپور اور کھگڑیا میں سیلاب کے خطرات شدید ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب، نیپال میں مسلسل بارش کے باعث شمالی بہار کی ندیوں، خاص طور پر کوسی اور بوڑھی گنڈک میں طغیانی دیکھی جا رہی ہے۔ کھگڑیا میں بوڑھی گنڈک ندی خطرے کے نشان سے 41 سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے، جبکہ سپول اور سہرسہ میں کوسی ندی خطرے کے نشان کو پار کر چکی ہے۔ کوسی بیراج سے 1,10,845 کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔
