صہیونی سفارت خانے بند اور تجارتی تعلقات ختم کریں، شیخ نعیم قاسم کی عرب و اسلامی ممالک سے اپیل

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے عرب اور اسلامی ممالک کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غزہ کے مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے صہیونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو فوری طور پر ختم اور اس کے سفارت خانوں کو بند کریں۔

المنار کے مطابق شیخ نعیم قاسم نے اپنے ایک تحریری بیان میں کہا کہ امریکی-صہیونی اتحاد کی جانب سے غزہ کے مظلوم فلسطینیوں پر جارحیت، قتل عام، بھوک اور نسل کشی کی شدت نے تمام انسانی و اخلاقی اقدار کو پامال کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ پر مظالم کے خلاف عالمی برادری کی خاموشی شرمناک اور مجرمانہ ہے جو بین الاقوامی قوانین کو مزید کمزور کرنے کا باعث بن رہا ہے۔ صرف 25 ممالک کی طرف سے جنگ بندی کا مطالبہ کافی نہیں۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ ہمیں محض بیانات کی حد تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسرائیل پر عملی پابندیاں عائد کرکے اسے عالمی سطح پر تنہا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جب امریکہ کو عرب و اسلامی ممالک کی طرف سے ایک متفقہ اور پرزور مؤقف کا سامنا ہوگا، تو وہ پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوجائے گا۔ اس حوالے سے سب سے بڑی ذمہ داری عرب و اسلامی حکمرانوں اور عوام پر عائد ہوتی ہے۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ ہر ملک اور ہر قوم جو بھی قدم اٹھا سکتی ہے، اُٹھائے، تعلقات قائم کرنے کا سلسلہ روک دے، دشمن کے سفارت خانے بند، اس کے ساتھ تجارت ختم کریں اور غزہ کے لیے حتی الامکان ضروریات زندگی فراہم کرتے ہوئے اتحاد کا مظاہرہ کریں۔

آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ یاد رکھیں! ظالم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ اسرائیل کی بربریت اور سرکشی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور یہ ظلم خدا کے حکم سے اس کے زوال اور تباہی کا پیش خیمہ بنے گا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *