امریکا کی اپنے شہریوں کو شام کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، امریکہ نے اپنے شہریوں کو شام فوری طور پر چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ امریکی سفارتخانے نے جنوبی شام کے صوبے سویدا میں جاری بدامنی اور پرتشدد جھڑپوں کے پیش نظر یہ سفری وارننگ جاری کی ہے۔

سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے “غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے” کیونکہ سیکورٹی کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جو شہری فی الحال شام سے روانہ نہیں ہو سکتے، انہیں چاہیے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر پناہ لیں اور حالات معمول پر آنے تک احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

امریکی سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ دمشق میں قونصلر سروسز محدود پیمانے پر دستیاب ہیں اور صرف ہنگامی حالات میں مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

سویدا میں مقامی قبائل اور مسلح گروہوں میں جھڑپیں، کشیدگی میں اضافہ

واضح رہے کہ شام کے جنوبی علاقے سویدا میں حالیہ دنوں میں مقامی قبائل اور مسلح گروہوں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں، جن کے باعث علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی غیر مستحکم ہو چکی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی پر قابو نہ پایا گیا تو اس کے اثرات شام کے دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *