[]
نئی دہلی: مغربی بنگال کے ضلع مالدہ میں ایک12 سالہ لڑکے نے ایک ریلوے ٹریک کوخراب حالت میں دیکھ کر اپنی سرخ شرٹ اتارکرلہراتے ہوئے ایک ٹرین حادثہ کوٹال دیا۔ عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی۔
لوکوپائیلٹ نے مرسلین شیخ کاسگنل دیکھ لیا اورٹرین کو روکنے کیلئے ایمرجنسی بریک لگادیئے۔ یہ واقعہ جمعرات کے روز بھالوکاروڈ یارڈکے قریب پیش آیا۔
چیف پبلک ریلیشن آفیسر نارتھ ایسٹ فرنٹیرریلوے نے اپنے ایک بیان مں بتایاکہ مالدہ کے ایک12 سالہ لڑکے نے زبردست بہادری کامظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سرخ شرٹ لہرائی تاکہ ایک پاسنجر ٹرین کے لوکوپائیلٹ کورکنے کا سگنل دے سکے اوریہ ٹرین خراب ریلوے ٹریک کوعبورنہ کرسکے۔
انہوں نے بتایاکہ ایک مقام پرریلوے ٹریک کے کچھ حصہ کونقصان پہونچا تھا اوربارش کی وجہ سے مٹی اورکنکربہہ گئے تھے۔انہوں نے کہاکہ مرسلین شیخ نامی لڑکے نے جوایک تارک وطن مزدورکا لڑکاہے اور قریبی گاؤں میں رہتا ہے، ریلوے اسٹاف کے ساتھ ساتھ وہ بھی یارڈ میں موجودتھا۔
بارش کی وجہ سے ریلوے ٹریک کونقصان پہونچاتھا۔ اس لڑکے نے سمجھداری سے کام لیا اورآنے والی پاسنجرٹرین کے لوکوپائیلٹ کو اپنی سرخ شرٹ لہراتے ہوئے ٹرین روکنے کااشارہ دیا۔
ریلوے حکام نے آج بہادرلڑکے کوایک سرٹیفکٹ اورنقد انعام سے نوازا۔ کٹیہارکے ڈیویژنل ریلوے منیجرسریندرکمار، مالدہ نارتھ کے رکن پارلیمنٹ کھاگن مرمو کے ساتھ لڑکے کے گھرپہونچے، اسے انعام دیا اوراس کے اقدام کی ستائش کی۔ انہوں نے کہاکہ نارتھ فرنٹیرریلوے اس لڑکے کوسلام کرتاہے۔