جلسہ یوم رحمۃ اللعالمینؐ: مسلمان، حضوراکرمﷺ کے اسوہ حسنہ کواپنائیں

[]

حیدرآباد : سابق رکن پارلیمنٹ اترپردیش مولانا عبیداللہ خان اعظمی نے مسلمانوں کوتلقین کی کہ وہ حضوراکرمﷺ کے اسوہ حسنہ کے مطابق زندگی گزاریں تاکہ ہم دنیا و آخرت میں سرخروہوسکیں۔

انہوں نے مسلمانوں کومشورہ دیاکہ وہ تمام برائیوں کوترک کریں۔ مسلمانوں کو اخلاق والا ہوناچاہئے اورہم کو حلال کمانا اوربری عادتوں کو چھوڑنا چاہئے۔ آج کل ہند تعمیرملت کی جانب سے74 واں جلسہ یوم رحمۃ اللعالمین ﷺ نمائش میدان میں منعقدکیاگیا۔

اس جلسہ کی نگرانی صدر کل ہند مجلس تعمیرملت محمدضیاء الدین نیرنے کی۔ مولانا عبیداللہ خان اعظمی نے اس جلسہ کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ صحابہ کرامؓ نے حضورﷺ سے جس طرح سے محبت رکھتے تھے اس طرح ہم کوہمارے نبیؐ سے محبت کرناچاہئے۔

ڈائرکٹرانڈیا اسلامک اکیڈیمی دیوبند مولانامہدی حسن عینی قاسمی نے کہاکہ ہمارے معاشرہ میں بہت سی برائیاں پیداہوگئی ہیں جس میں جھوٹ بولنا‘قرض لے کر قرض ادا نہ کرنا، نوجوانوں کا رات دیر گئے تک سڑکوں پر گھومنا و دیگربرائیاں شامل ہیں۔ والدین اورسرپرستوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو دین اسلام کی تعلیم دلائیں۔ ہم کواپنے بچوں میں سرکاردوعالم ﷺ پر مرمٹنے کاجذبہ پیداکرناچاہئے۔

والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ پنے بچوں پر نظر رکھیں انہیں مخلوط تعلیمی اداروں میں تعلیم دلانے سے گریزکریں۔ اگر ہم سیرت طیبہ ﷺ کے بارے میں اپنے بچوں کی مناسب تربیت دیں گے تو وہ دین اوردنیا دونوں میں کامیاب ہوں گے۔ مولانا مفتی خلیل احمدشیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے کہاکہ حضوراکرمﷺ نے اسلام پھیلانے کیلئے مصیبتوں کو برداشت کیاتھا۔ مولانا مفتی نے مزیدکہاکہ حضوراکرم ﷺ کا مصیبتوں اورتکلیفوں کوبرداشت کرنا کوئی مجبوری نہیں تھی۔آپؐ ایک اشارہ کرتے تو پوری قوم تباہ ہوجاتی۔

آپؐ نے ہمیشہ امن اورمحبت کا پیام دیا۔ امام و خطیب شاہی مسجد باغ عامہ مولانا حسن بن محمد الحمومی نے کہاکہ موجودہ دورمیں مسلمان آج باہر والوں سے زیادہ اپنے مسلمان بھائیوں سے پریشان ہیں۔ مسلمانوں کاایک فرقہ اب دوسرے فرقہ کے لوگوں کومشرک، کافر اورگستاخ کہہ رہے ہیں۔ ان جملوں کے ذریعہ آپ ایک دوسرے میں نفرت پیداکررہے ہیں۔ اس طرح آپ کاایک دوسرے کودہشت زدہ کرنا بھی یہ دہشت گردی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بعض لوگ مسلمان کوبدعتی کہتے ہیں۔جس کا دل اللہ اوراس کے رسول اکرمﷺ کی محبت میں تڑپتا ہے کس طرح وہ بدعتی ہوسکتاہے۔ مولانا الحمومی نے مسلمانوں سے درخواست کی کہ وہ آپس میں نفرتیں پیدانہ کریں۔ ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان کے دل میں نفرت کابیج بونا غلط حرکت ہے۔ معتمدعمومی تعمیرملت محمد احمد شفیق نے کہاکہ مسلمانوں کویکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے مسئلہ پرگھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمارادین اسلام قیامت تک رہے گا۔کوئی بھی ہماری اسلامی شریعت میں مداخلت نہیں کرسکتا۔

ہم کوملک کے دستورمیں جوحقوق دیئے گئے ہیں اس کے لحاظ سے ہم کوآگے بڑھناچاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ہریانہ کے ضلع نوح میں 750 مکانات حکومت نے منہدم کئے تھے ان میں چند مکانات ہندوؤں کے بھی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ منی پورمیں 3ماہ تک گڑبڑ ہوتی رہی۔ منی پورکی بی جے پی حکومت کی جانب سے فسادات نہ روکنے پر انہوں نے حکومت کے رویہ کی مذمت کی۔

صدر کل ہند تعمیرملت محمد ضیاء الدین نیر نے کل ہند تعمیرملت کی کارکردگی کے بارے میں روشنی ڈالی۔ جلسہ کا آغاز قاری محمدعبدالواسع بلال کی قراء ت کلام پاک سے ہوا۔ انصاراحمد خان‘ سید شاہ نوازہاشمی،ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری نے نعت شریف سنائیں۔ صدر مجلس استقبالیہ عبدالقدیر نے سوونیر کارسم اجراء انجام دیا اور خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔

عزیز الرحمن مترجم قرآن مجیدو بخاری شریف نے تلگوزبان میں مخاطب کیا۔ محمد عبدالرافع مہاراشٹرانے کلام اقبال پیش کیا۔ مولانا مفتی سیدصادق محی الدین نقشبندی نے دعا کی۔ معتمداستقبالیہ محمد سیف الرحیم قریشی نے شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر نائب صدورڈاکٹر مشتاق علی، وہاج الدین صدیقی، ڈاکٹر یوسف حامدی، خواجہ فرید شرفی خازن محمد معین الزماں کے علاوہ دیگرموجود تھے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *