نئی دہلی: ہندوستانی خلائی مشن کے حوالے سے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے۔ شبھانشو شکلا کا خلائی سفر اب 19 جون کو طے پایا ہے، کیونکہ فالکن 9 راکٹ میں پائے گئے لیک کے مسئلہ مکمل طور پر درست کر لیا گیا ہے۔ اسرو، ایکسیوم اور اسپیس ایکس کے ماہرین کی مشترکہ میٹنگ میں یہ فیصلہ ہوا، جس میں تکنیکی خرابی کے حل کی تصدیق کے بعد نئی تاریخ کا اعلان کیا گیا۔
واضح رہے کہ 10 جون کو اے ایکس-04 مشن کا آغاز طے تھا لیکن فالکن 9 راکٹ کے بوسٹر میں لیکویڈ آکسیجن کا رِساؤ سامنے آیا، جس کے بعد مشن کو مؤخر کر دیا گیا۔ یہ رساؤ راکٹ کے اس حصے میں پایا گیا جو پرواز کے دوران ایندھن کی فراہمی کا بنیادی ذریعہ ہوتا ہے۔ اسرو کے انجینئرز اور اسپیس ایکس اور ایکسیوم کے ماہرین نے مل کر اس مسئلے پر کام کیا اور اس کی مرمت مکمل کی۔
