[]
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ کابینہ نے خواتین ریزرویشن بل کو منظوری دے دی ہے اور اسے لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ اس بل کو ‘ناری شکتی وندن بل’ کا نام دیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ کی نوتعمیر شدہ عمارت میں کارروائی کے آغاز کے پہلے دن لوک سبھا کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے اعلان کیا، “کابینہ نے کل (پیر کو) ہی خواتین کے ریزرویشن بل کو منظوری دے دی ہے۔
ہم خواتین کی قیادت میں ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’پارلیمنٹ اور قانون ساز اسمبلیوں میں خواتین کی شرکت بڑھانے کے لیے ناری شکتی وندن بل لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا۔‘‘
لوک سبھا کی منگل کی کارروائی کے نظرثانی شدہ ایجنڈے میں کہا گیا ہے کہ قانون اور انصاف کے وزیر ارجن رام میگھوال آئین میں مزید ترامیم کے لیے 128ویں آئینی ترمیمی بل 2023 کو پیش کریں گے۔
خواتین کو ارکان پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں ایک تہائی نشستوں پر ریزرویشن دینے کی تجویز کافی عرصے سے اٹکی ہوئی تھی لیکن اس بار اس معاملے پر حکمران جماعت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے کے آثار نظر آرہے ہیں جس کی وجہ اس بار اسے پارلیمنٹ سے منظوری ملنے کا پورا امکان ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کل شام وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ کے فیصلوں کے بارے میں میڈیا کو باضابطہ طور پر مطلع نہیں کیا گیا تھا، لیکن پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے ٹویٹر پر لکھا، “کابینہ نے خواتین ریزرویشن بل کو منظوری دے دی ہے”۔ انہوں نے فوری طور پر اس ٹویٹ کو ڈیلیٹ کر دیا۔