[]
ڈھاکہ: تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے صرف 24 گھنٹے بعد ہی بنگلہ دیش کے بلے باز تمیم اقبال نے جمعہ کو وزیر اعظم شیخ حسینہ سے ملاقات کے بعد اپنے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا۔
تمیم اقبال نے گونو بھون میں وزیر اعظم شیخ حسینہ سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ میں سب کو انکار کر سکتا ہوں لیکن وزیر اعظم کو نہیں۔ مشرف بھائی مجھے لے کر آئے تھے جبکہ پاپون بھائی بھی میرے ساتھ میٹنگ میں موجود تھے۔
واضح رہے کہ تمیم اقبال نے جمعرات کو تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے کرکٹ کی دنیا میں سب کو حیران کر دیا تھا۔ آج کی میٹنگ میں تمیم کے ساتھ بی سی بی کے صدر نظم الحسن پاپون اور سابق کپتان مشرفی بن مرتضیٰ بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ تمیم بنگلہ دیش کے لئے اب تک 241 ون ڈے کھیل چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 8313 رنز بنائے۔ تمیم ٹیم کے لئے ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے اس فارمیٹ میں 14 سنچریاں اور 56 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ انہوں نے ٹیم کے لئے 78 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں جس میں 1758 رنز بنائے ہیں۔ تمیم نے 70 ٹیسٹ میچز بھی کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 5134 رنز بنائے ہیں۔
انہوں نے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بھی بنائی۔ انہوں نے 10 سنچریاں اور 31 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔