[]
ریاستی حکومت کے ذریعہ لگاتار کیے جا رہے اعلانات کو لے کر کمل ناتھ سے جب سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ گزشتہ چار پانچ ماہ سے شیوراج سنگھ چوہان نے اعلانات کرنے شروع کیے ہیں اور اب اعلانات کی مشین ڈبل اسپیڈ میں چل رہی ہے۔ ان کی جھوٹ کی مشین بھی ڈبل اسپیڈ سے چل رہی ہے۔ 18 سال بعد انھیں بہنیں یاد آئی ہیں، 18 سال بعد انھیں ملازمین یاد آئے ہیں، 18 سال بعد انھیں نوجوان یاد آئے ہیں۔ آج مدھیہ پردیش پر 3 لاکھ 30 کروڑ روپے کا قرض ہے۔ اس قرض کا کیا استعمال کیا انھوں نے۔ انھوں نے بڑے بڑے ٹھیکے دیے اور ایڈوانس لے کر انھوں نے اپنا کمیشن نکالا، لیکن اس 3 لاکھ 30 کروڑ کا جو قرض لیا ہے، کیا اس سے ہمارے آؤٹ سورس والوں کو فائدہ ہوا؟ کیا ہمارے کانٹریکٹ والے ملازمین کو فائدہ ہوا؟ کیا ہماری آشا بہنوں کا فائدہ ہوا؟ یہ جو کلچر شیوراج سنگھ چوہان نے شروع کیا ہے وہ اب کسی سے پوشیدہ نہیں۔