[]
نئی دہلی: چیف منسٹر آسام ہیمنت بشواشرما کی بیوی کی کمپنی کو 10 کروڑ روپے سبسیڈی دیئے جانے پر ہنگامہ کے ایک دن بعد کانگریس نے آج ایک بار پھر حکومت کو طعنہ دیا کہ آخر کون جھوٹ بول رہا ہے کیونکہ دونوں صحیح نہیں ہوسکتے۔
کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اپنی ایک ٹویٹ میں سوال کیا کہ کون جھوٹ بول رہا ہے؟ چیف منسٹر آسام یا مرکزی وزیر برائے صنعت و کامرس۔ واضح طورپر دونوں ہی درست نہیں ہوسکتے۔
وہ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی کے ٹویٹ کا جواب دے رہے تھے۔ گوگوئی نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ کل دن بھر ہیمنت بشواشرما اپنی بیوی کی کمپنی کے بارے میں طوطے کی طرح ایک ہی سطر رٹتے رہے۔
ان کے فائدہ کے لئے میں مرکزی وزیر برائے صنعت و کامرس پیوش گوئل کے پارلیمنٹ میں دیئے گئے جواب کو پیش کررہا ہوں۔ پیوش گوئل کے جواب نے سچائی ظاہر کردی ہے اور دونوں وزیروں کو وضاحت کرنے کی ضرورت ہے۔