یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی جانب سے دہلی میں 1139 آروگیہ مندر کھولنے کا دعویٰ حقیقت سے بعید ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عام آدمی پارٹی نے دہلی میں 1000 محلہ کلینک کھولنے کا وعدہ کیا تھا، مگر وہ 10 سال کے دوران صرف 533 کلینک ہی کھول پائی۔ ان کلینکوں کی حالت اتنی خراب ہے کہ یہ عوام کی صحت کے لیے کوئی مثبت کردار ادا نہیں کر رہے۔ یادو نے کہا کہ حکومت کو محلہ کلینکوں کے نام بدلنے کی بجائے ان کی حالت بہتر کرنی چاہیے تاکہ عوام کو صحیح علاج مل سکے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ اگر بی جے پی حکومت واقعی دہلی کے عوام کی صحت کے بارے میں سنجیدہ ہے، تو اسے محلہ کلینکوں کا نام ’آیوشمان آروگیہ مندر‘ رکھنے کے بجائے ان کا نام ’ڈاکٹر امبیڈکر پرائمری ہیلتھ سینٹر‘ رکھنا چاہیے۔ انہوں نے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے آئین میں غریبوں، پسماندہ طبقات اور نچلے طبقوں کے لیے خصوصی حقوق فراہم کیے تھے، اس لیے ان کا نام ان کلینکوں میں ہونا چاہیے۔
