انسٹاگرام پر لو اسٹوری، امریکی خاتون آندھرپردیش کے نوجوان سے شادی کیلئے ہندوستان پہنچ گئیں

وشاکھاپٹنم: امریکہ سے تعلق رکھنے والی فوٹوگرافر جیکلن فوریرو نے محبت کی ایک منفرد مثال قائم کرتے ہوئے بھارت کے ایک دیہی علاقے میں رہنے والے نوجوان چندن سے شادی کے لیے طویل سفر طے کیا۔ ان دونوں کی کہانی انسٹاگرام پر ایک سادہ سے “ہیلو” سے شروع ہوئی، جس نے بعد میں ایک محبت بھرے رشتے کی بنیاد رکھ دی۔

جیکلن نے چندن کا انسٹاگرام پروفائل دیکھا تو اس کی سادگی، دینی رجحان اور شخصیت سے متاثر ہو گئیں۔ چندن ایک دیندار عیسائی نوجوان ہے، جسے دینیات سے گہرا شغف ہے۔ دونوں کے درمیان چودہ ماہ تک مسلسل آن لائن رابطہ رہا، جس میں ان کی دوستی محبت میں بدل گئی۔

ایک انسٹاگرام پوسٹ میں جیکلن نے لکھا کہ “ہم نے 14 ماہ ایک ساتھ گزارے اور اب ایک نئے باب کے لیے تیار ہیں”۔ انہوں نے ایک مختصر ویڈیو بھی شیئر کی جس میں ان کی مشترکہ یادیں شامل تھیں۔ جیکلن کے مطابق، انہوں نے خود چندن کو پہلا پیغام بھیجا تھا، کیونکہ ان کے پروفائل سے اندازہ ہوتا تھا کہ وہ ایک حساس اور مذہبی انسان ہے۔ موسیقی، فن اور فوٹوگرافی جیسے مشغلے بھی دونوں کے درمیان مشترک نکلے۔

آٹھ ماہ کی آن لائن بات چیت کے بعد جیکلن اپنی والدہ کے ہمراہ بھارت آئیں تاکہ چندن سے بالمشافہ ملاقات کر سکیں۔ ملاقات کے بعد جیکلن کی والدہ نے بھی اس رشتے کو قبول کر لیا۔ اگرچہ اس رشتے پر لوگوں کے ردِعمل مختلف تھے، کسی نے حمایت کی، تو کسی نے تنقید، اور کچھ خاموش بھی رہے۔ جیکلن کی عمر چندن سے نو سال زیادہ ہے، جس پر بھی تبصرے ہوئے، تاہم دونوں نے عمر کے فرق کو رکاوٹ نہ بننے دیا۔

جیکلن نے اپنی ویڈیو کے آخر میں کہا، “رکاوٹیں بہت تھیں، لیکن خدا نے ہمارے لیے دروازے کھولے اور ہر قدم پر ہماری رہنمائی کی۔ کیونکہ یسوع نے ہمیں ملایا اور وہی ہمیں آگے لے کر جائے گا۔”

ان کی اس محبت بھری کہانی کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے۔ کئی صارفین نے تبصرے کیے کہ محبت میں عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی، اور جوڑے کو دعائیں دی گئیں۔ کسی نے لکھا، “ہم بھی ایک انٹرنیشنل جوڑا ہیں، پیرس میں ملاقات ہوئی اور ایک سال بعد شادی کرلی، آج نو سال ہو چکے ہیں۔”

جیکلن اور چندن نے اپنا یوٹیوب چینل بھی بنایا ہے، جہاں وہ اپنی کہانی اور مشترکہ سفر شیئر کرتے ہیں۔ ان کے چینل کی تفصیل میں لکھا ہے: “ایک طلاق یافتہ عیسائی ماں، جو ایمان پر مبنی محبت کی تلاش میں تھی، انسٹاگرام پر بھارت کے ایک دور دراز گاؤں میں رہنے والے نوجوان سے ملی۔” اب یہ جوڑا چندن کے ویزے کے لیے درخواست دے رہا ہے تاکہ وہ امریکہ میں نئی زندگی کا آغاز کر سکیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *