
نئی دہلی (پی ٹی آئی) بالی ووڈ سوپر اسٹارس شاہ رخ خان اور کاجول کا کانسہ کا مجسمہ عنقریب لندن کے لیسسٹر اسکوائر میں لگے گا۔
یہ مجسمہ 1995 کی سوپر ہٹ فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے کے ایک پوز پر مبنی ہوگا۔ پہلی مرتبہ کسی ہندوستانی فلم کے پوز کا مجسمہ لیسسٹر اسکوائر میں لگ رہا ہے۔
فلم کی ریلیز کے 30 سال 20 اکتوبر 2025 کو مکمل ہوں گے۔ اس سے چند ماہ قبل موسم بہار میں مجسمہ لگ جائے گا۔ عام طورپر ڈی ڈی ایل جے کہلانے والی یہ فلم ہدایت کار آدتیہ چوپڑہ کی پہلی فلم تھی۔
اسے ان کے فلمساز باپ یش چوپڑہ نے یش راج فلمس کے بیانرتلے بنایا تھا۔ اس کی زیادہ تر شوٹنگ برطانیہ میں ہوئی۔ یہ 2 این آر آئیز راج اور سمرن کی لواسٹوری ہے جو یوروپ میں دوستوں کے ساتھ چھٹیاں منانے کے دوران عشق کربیٹھتے ہیں۔