
حیدرآباد: مرکزی مملکتی وزیر داخلہ، بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ تلنگانہ یونٹ کے لیے بی جے پی کا نیا صدر پارٹی کی اعلیٰ قیادت مقرر کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ بی جے پی کے صدر کا عہدہ دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے فیصلہ پر اثرانداز ہوگا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر تلنگانہ بی جے پی کے صدر کے انتخاب کے حوالے سے ایک بڑی مہم چل رہی ہے، لیکن اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا پارٹی کا ہر قائد،تلنگانہ بی جے پی کا صدر بننے کے قابل ہے۔ جسے بھی پارٹی کا تلنگانہ صدر مقرر کیا جائے گا، وہ پارٹی کے لیے سب سے زیادہ فائدہ مند ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں اقتدار میں آئے گی اور ہر کسی کو پارٹی کے لیے کام کرنا چاہیے۔
بی جے پی کے گوشہ محل کے رکن اسمبلی، ٹی راجہ سنگھ کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی راجہ سنگھ کا مقابلہ نہیں کر سکتا اور وہ ہندوازم کی ایک مثالی شخصیت ہیں۔