
نئی دہلی (پی ٹی آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج وقف (ترمیمی) بل 2025 کو منظوری دے دی جسے پارلیمنٹ نے جاریہ ہفتہ کے اوائل میں دونوں ایوانوں میں شدید مباحث کے بعد منظوری دی تھی۔
مرمو نے مسلمان وقف (تنسیخ) بل 2025 کو بھی منظوری د ے دی۔
حکومت نے اپنے ایک اعلامیہ میں کہاکہ پارلیمنٹ کے حسب ذیل ایکٹ کو 5اپریل 2025 کو صدر جمہوریہ کی منظوری حاصل ہوگئی ہے اور اسے عوام کی معلومات کے لیے یہاں شائع کیاجارہاہے: وقف (ترمیمی)ایکٹ 2025۔پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کے سخت اعتراض اور مباحث کے بعد اس بل کو منظوری دی گئی تھی۔
اسے راجیہ سبھا میں 128 ارکان کی تائید سے منظور کیاگیاتھا جبکہ 95 ارکان نے اس کی مخالفت کی تھی۔ لوک سبھا میں جمعرات کے اوائل میں اسے منظور کیاگیاتھا۔288 ارکان نے تائید کی تھی جبکہ 232 نے اس کی مخالفت کی تھی۔
پارلیمنٹ نے مسلمان وقف (تنسیخ) بل کو بھی منظوری دی تھی۔ راجیہ سبھا میں بھی اسے منظور کیاگیاتھا۔ صدر جمہوریہ کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد مسلمان وقف ایکٹ 1923 بھی منسوخ ہوگیاہے۔