وقف ترمیمی بل کو کوڑے دان میں پھینک دیں گے: تیجسوی یادو کا دوٹوک بیان

پٹنہ (پی ٹی آئی) آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے ہفتہ کے روز زور دے کر کہاکہ جاریہ ہفتہ کے اوائیل میں پارلیمنٹ کی جانب سے منظورہ وقف ترمیمی بل کو کوڑے دان میں پھینک دیاجائے گا۔

اگر ریاست میں ان کی پارٹی برسر اقتدار آتی ہے۔ تیجسوی نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کی پارٹی سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی ہے اور اس بل کو چالنج کرنے والے مقدمہ کے فریقین کے ساتھ شامل ہوگئی ہے۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر بہار نے چیف منسٹر نتیش کمار کی جنتادل (یو) پر طنز کرتے ہوئے کہا”وہ لوگ کافی کوشش کررہے ہیں تاکہ یہ ثابت کرسکیں کہ اس بل سے مسلمانوں کو فائدہ پہنچے گا لیکن انہیں کامیابی نہیں مل رہی ہے۔

آر جے ڈی لیڈر نے کہاکہ ذرا دیکھیں جنتادل (یو) کس طرح اپنے مسلم قائدین پر زبردستی کی ہے کہ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کریں۔ لیکن یہ ایک تماشاہ ثابت ہوا۔ واضح رہے کہ اکھلیش یادو کی پریس کانفرنس شروع ہونے سے چند منٹ پہلے جنتادل (یو) کی پریس کانفرنس ختم ہوئی جس میں پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری آفاق احمد خان‘ قانون ساز کونسل کے ارکان خالد انور اور غلام غوث کے علاوہ سابق رکن راجیہ سبھا اشفاق کریم اور کہکہشاں پروین نے شرکت کی۔

مائناریٹی سل کے چیرمین افضل انصاری اور پارٹی کی ترجمان انجم آرا نے ایک تحریری بیان پڑھا جس میں آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد کے برعکس چیف منسٹر نتیش کمار کی مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کوششوں کو اجاگر کیاگیا۔ ان کے بیان پڑھنے کے بعد کسی بھی سینئر لیڈر نے پریس کانفرنس نے مخاطب نہیں کیا۔ اس پریس کانفرنس سے قائدین فوری طور پر روانہ ہوگئے اور صحافیوں کے سوالات کی بوچھاڑ سے بچ گئے۔

تیجسوی یادو نے جن کی پارٹی کا دفتر جنتادل (یو) کی پریس کانفرنس کے مقام سے صرف کچھ ہی فاصلہ پر واقع ہے‘ طنزیہ طور پر کہاکہ ”ایسا معلوم ہوتاہے“ کہ ان کے دفتر میں نتیش کمار کی تصاویر کو جلد ہی وزیراعظم نریندر مودی کی تصاویر سے تبدیل کردیاجائے گا۔ایک بچہ بھی جانتاہے کہ الیکشن ختم ہونے کے بعد چیف منسٹر کا کیا حشر ہونے والاہے“۔

آر جے ڈی لیڈر نے کہاکہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے وقف بل کی مخالفت کی کیونکہ دستور کی دفعہ 26 کے خلاف ہے جو مذہبی امور کا انصرام کرنے کی آزادی دیتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ بل صرف اس مقصد کے لیے لایاگیا ہے کہ بیروزگاری جیسے اہم مسائل سے عوام کی توجہ ہٹائی جاسکے اور بی جے پی کو اپنی تقسیم کی سیاست میں مدد مل سکے لیکن ہم بہار میں اس بل پر عمل آوری کی اجازت نہیں دیں گے۔ اگر ریاست میں آئندہ حکومت ہماری بنتی ہے تو اس بل کو کوڑے دان میں پھینک دیاجائے گا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *