
نئی دہلی (پی ٹی آئی) ایک غیرسرکاری تنظیم (این جی او)نے سپریم کورٹ سے رجوع ہوکر وقف ترمیمی بل 2025 کے دستوری جواز کو چیلنج کیا ہے۔
اسوسی ایشن فار دی پروٹیکشن آف سیول رائٹس نے اپنی درخواست میں وقف ترمیمی بل کے دستوری جواز کو للکارا ہے جسے یونیفائیڈ وقف مینجمنٹ امپاورمنٹ افیشینسی اینڈ ڈیولپمنٹ بل 2025 (امید بل) کا نام دیا گیا ہے۔
وکیل عدیل احمد کے ذریعہ داخل درخواست میں این جی او نے کہا کہ یہ بل دستور کی دفعات 14‘ 25‘ 26 اور 300A کی راست خلاف ورزی کرتا ہے۔ اسے لوک سبھا میں 3 اپریل کو اور راجیہ سبھا میں 4 اپریل کو عجلت میں منظور کیا گیا۔
اب اسے صدرجمہوریہ کی منظوری ملنے والی ہے تاہم اس کی دفعات وقف بورڈ کی خوداختیاری اور اس کے موثر ہونے کے لئے سنگین خطرہ ہیں۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ محمد جاوید‘ صدر مجلس اسدالدین اویسی اور عام آدمی پارٹی رکن اسمبلی امانت اللہ خان نے بھی سپریم کورٹ میں اس بل کے جواز کو چیلنج کیا ہے۔ جمعہ کو بل کی منظوری کے بعد سے سپریم کورٹ میں کئی درخواست داخل ہوچکی ہیں۔