
مظفر نگر(یوپی) (پی ٹی آئی) اترپردیش کے ضلع مظفرنگر میں حکام نے وقف بل کے خلاف سیاہ پٹیاں لگاکر احتجاج کرنے والے 24 افراد کو نوٹسیں جاری کیں اور ان سے کہا ہے کہ وہ فی کس 2 لاکھ روپے کا بانڈ داخل کریں۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس (سٹی) ستیہ نارائن پرجاپت نے ہفتہ کے دن میڈیا کو بتایا کہ 24 افراد کو نوٹسیں جاری کی گئیں اور پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر مزید کی نشاندہی کی ہے۔
پولیس کی رپورٹ پر سٹی مجسٹریٹ وکاس کشیپ نے نوٹسیں جاری کیں۔ 24 افراد سے کہا گیا کہ وہ 16 اپریل کو عدالت میں حاضر ہونے کے بعد فی کس 2 لاکھ روپے کے بانڈس داخل کریں۔
ان لوگوں نے 28 مارچ کو جمعتہ الوداع کے موقع پر مختلف مساجد میں اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر وقف ترمیمی بل 2025 کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ نوٹسیں ملنے والوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے صرف جمہوری طریقہ سے احتجاج کیا تھا۔