لالو پرساد کا دہلی ایمس میں آپریشن ہوا ہے اور وہ آئی سی یو سے جنرل وارڈ میں منتقل کیے جا چکے ہیں۔ اس درمیان ان کے ’ایکس‘ ہینڈل سے ایک پوسٹ کیا گیا ہے جس میں وقف ترمیمی بل کے خلاف آواز اٹھائی گئی ہے۔


بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کا اس وقت دہلی ایمس میں علاج چل رہا ہے۔ ان کی پیٹھ کے زخم کا کامیاب آپریشن ہوا ہے اور وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں آپریشن کے بعد آئی سی یو سے جنرل وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس درمیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لالو پرساد کے ہینڈل سے ایک پوسٹ کیا گیا ہے۔ اس پوسٹ میں وقف ترمیمی بل کے خلاف آواز بلند کی گئی ہے اور مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بنایا گیا ہے۔
اس پوسٹ میں لالو یادو نے لکھا ہے کہ ’’سنگھی-بھاجپائی نادانوں… تم مسلمانوں کی زمینیں ہضم کرنا چاہتے ہو، لیکن ہم نے ہمیشہ وقف کی زمینیں بچانے کے لیے سخت قانون بنایا ہے، اور بنوانے میں مدد کی ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’مجھے افسوس ہے کہ اقلیتوں، غریبوں، مسلمانوں اور آئین پر چوٹ کرنے والے اس مشکل دور میں پارلیمنٹ میں نہیں ہوں، ورنہ تنہا ہی کافی تھا۔ ایوان میں نہیں ہوں، تب بھی آپ لوگوں کے خیالوں، خوابوں، نظریات اور فکروں میں ہوں، یہ دیکھ کر اچھا لگا۔‘‘
دراصل لوک سبھا میں وقف ترمیمی بل پر گزشتہ کل جب بحث ہوئی تھی تو بی جے پی لیڈران کے ذریعہ لالو پرساد کا نام لیا گیا تھا اور پٹنہ میں وقف کی زمینوں پر قبضہ سے متعلق ان کے بیان کا تذکرہ کیا گیا تھا۔ لالو پرساد نے اسی تذکرہ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مذکورہ بالا باتیں سوشل میڈیا پوسٹ میں کہی ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’اپنے نظریات، پالیسی اور اصولوں پر عزم و استحکام ہی میری زندگی کی جمع پونجی ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔