
رمضان المبارک تربیت کا مہینہ
مسلمان حسن سلوک کے ذریعہ دیگر مذاہب کے لوگوں سے تعلقات استوار کریں
نظام آباد میں نماز عیدالفطر کی خشوع و خضوع کے ساتھ ادائیگی۔مفتی سعید اکبر صاحب کا خطاب
نظام آباد:2/اپریل (اردو لیکس) امام وخطیب جامع مسجد وناظم ضلع مجلس تحفظ ختم نبوت نظام آباد مفتی سعید اکبر صاحب نے ملت اسلامیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عبادتوں کا تعلق رمضان سے نہیں بلکہ رحمن سے ہے۔ رمضان صرف تربیت کا مہینہ ہے اور سالہا سال اللہ و رسول کے بتائے ہوئے طریقے کار پر عمل کرتے ہوئے زندگی گذارنا ہے۔ مفتی سعید اکبر صاحب عیدگاہ جدید قلعہ نظام آباد میں نماز عیدالفطر کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں موجود ملت اسلامیہ سے خطاب فرمارہے تھے کہاکہ کسی بھی قوم کی ترقی و زوال وقت اور دولت کے استعمال وصلاحیتوں پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ طلبہ محنت شاقہ کے ساتھ تعلیمی میدان میں آگے بڑھیں تبھی ترقی کرسکتے ہیں۔ وقت کو ضائع کرنا شریعت نے منع فرمایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سماج میں بے روزگار ی بڑھ رہی ہے اور سیل فون کا استعمال تباہ کن ثابت ہورہاہے۔ مفتی سعید اکبر صاحب نے صحت کی حفاظت کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ گٹکھا حرام تحریمی ہے جو انسان کی زندگی کیلئے نقصاندہ ثابت ہورہا ہے انہوں نے کہاکہ نشہ آور چیزوں کونوجوان ترک کردیں حلال روزی کی تلاش دینی فریضہ ہے اور ملک کے اندر پیغام انسانیت کو فروغ دینا آج کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ ملک میں منافرت پھیلانے کی مذموم کوشش کررہے ہیں۔ خوف و دہشت کا ماحول اور فرقہ پرستی کا زہر پھیلانے کی مذموم کوشش کررہے ہیں ملت اسلامیہ کا فریضہ ہے کہ برادران وطن کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں اور آپسی بھائی چارگی محبت وخلوص کی فضاء کو پروان چڑھائیں۔ مفتی سعید اکبر نے نظام آباد ضلع میں مجلس تحفظ ختم نبوت نظام آباد کے زیر اہتمام چلائے جارہے 400مکاتب دینیہ کے ذریعہ دیہی علاقوں میں 9ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کو دینی تعلیم سے آراستہ کیاجارہا ہے۔ مفتی سعید اکبر نے عیدگاہ قدیم و جدید انتظامی کمیٹی نظام آباد کی جانب سے حکومت ہند کے اوقافی ترمیمی بل کی پیشکشی کے خلاف قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں جمیع مسلمانان پارلیمنٹ میں پیش کردہ وقف ترمیمی بل کی شدید مخالفت کرتے ہیں یہ بل مسلمانوں کے دستوری حقوق کو پامال کرنے، ہماری اوقافی جائیدادوں کی تباہی اور ہمارے اسلاف کی وقف کردہ جائیدادوں کو منصوبہ بند طریقے سے (ہتھیانے) کی غاضبانہ قبضہ کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ و ہ وقف ترمیمی بل کو فوری واپس لیں اور مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے عمل سے باز رہیں۔ اس قرارداد کو مسلمانوں نے نعرے تکبیر کی گونج میں ہاتھ اٹھاکر منظور و تائید کیا۔اس موقع پر عیدگاہ قدیم وجدید انتظامی کمیٹی صدر عبدالرحمن بازرارہ نے ایک سالہ کارکردگی پر گوشوارہ پیش کیا۔ نماز عید کی ادائیگی اور مفتی سعید اکبر نے رقت آمیز دعاء فرمائی۔ عیدالفطر کے موقع پر کانگریس پارٹی سے وابستہ مسلم اقلیتی قائدین تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈمی چیرمین طاہر بن حمدان، سید نجیب علی ایڈوکیٹ، ایم اے قدوس، ایم اے فہیم، اشفاق احمد خان پاپا، سمیر احمد، اختر احمدخان، معین یونس، ایم اے قیوم قلعہ کے علاوہ دیگر قائدین نے وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے بل سے دستبرداری کا پرزور مطالبہ کیا۔ اس موقع پرریاستی اقلیتی کمیشن چیرمین طارق انصاری، سابقہ چیرمین تلنگانہ ریڈکو ایس اے علیم، صدر ضلع اقلیتی سیل بی آر ایس نوید اقبال، بی آر ایس قائدین، محمد رفیع، رفیق قریشی، فہیم قریشی، سجیت سنگھ ٹھاکر، ستیہ پرکاش،نوڈا چیرمین کیشو وینو، کانگریس قائدین نرالا رتناکر، پارتھا سارتھی،سینئر جرنلسٹس احمد علی خان،نعیم قمر، انور خان، عیدگاہ کمیٹی کے ذمہ داران وسیم احمد خان، عنایت علی افروز، عبدالحی راحیل، عارف انصاری کے علاوہ مختلف ملی دینی تنظیموں سے وابستہ قائدین نے بغلگیر ہوکر ایکدوسرے کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ نماز عیدالفطر کی ادائیگی کیلئے عیدگاہ کمیٹی نے موثر انتظامات کئے۔ پینے کیلئے پانی کی بوتلوں کے علاوہ ٹھنڈے پانی کی سہولتیں، شامیانوں، لاؤڈ اسپیکر، صاف صفائی کے بہتر انتظامات کئے۔ نظام آباد پولیس نے بھی ہر ممکن تعاون کیا اور گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے سہولتیں فراہم کی۔ عیدگاہ کمیٹی کی اپیل پر مختلف ملی و دینی تنظیموں سے وابستہ نوجوانوں نے عطیات کی وصولی میں تعاون کیا۔