شیگاؤں-کھام گاؤں شاہراہ پر صبح 5:30 بجے تیز رفتار بولیرو گاڑی مہاراشٹر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس سے ٹکرا گئی۔ ابتدائی جانچ میں حادثے کی وجہ زیادہ رفتار اور ڈرائیور کی لاپروائی سامنے آئی ہے۔


سڑک حادثہ / یو این آئی
مہاراشٹر کے بُلڈھانا ضلع میں بدھ کی صبح ایک سنگین سڑک حادثہ پیش آیا۔ اس میں 5 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 24 سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔ ذرائع کے مطابق شیگاؤں-کھام گاؤں شاہراہ پر صبح 5:30 بجے تیز رفتار بولیرو گاڑی مہاراشٹر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) کی بس سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد ایک مسافر بس بھی حادثے کی شکار ان گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔
پولیس کے مطابق بولیرو پر سوار مسافر شیگاؤں سے کولہا پور جا رہے تھے۔ جبکہ ایس ٹی کارپوریشن کی بس پونے سے پرواڑا جا رہی تھی۔ شیگاؤں-کھام گاؤں شاہراہ پر ان دونوں گاڑیوں کے درمیان شدید ٹکر کے بعد نجی مسافر بس بھی متصادم ہو گئی۔
پولیس نے بتایا کہ حادثہ انتہائی سنگین ہے۔ زخمیوں کو کھام گاؤں اسپتال میں بھرتی کرانے کے بعد آمد و رفت بحال ہوئی۔ ابتدائی جانچ میں حادثے کی وجہ زیادہ رفتار اور ڈرائیور کی لاپروائی سامنے آئی ہے۔ فی الحال معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
وہیں دوسری طرف مغربی بنگال کے مرشد آباد میں بھی ایک سڑک حادثے میں ایک ہی کنبہ کے 4 لوگوں کی دردناک موت ہو گئی۔ حادثے کے بعد موقع پر کہرام مچ گیا۔ مشتعل بھیڑ نے سڑک جام کرکے وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ اطلاع ملنے پر جائے وقوع پر پہنچے بھاری پولیس دستہ نے حالات کو قابو میں کیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ منگل کی شام کا ہے۔ بائک پر سوار ایک ہی کنبہ کے چار لوگ ڈاک بنگلہ موڑ سے فرکہ جا رہے تھے۔ تبھی شمشیر گنج علاقے میں ایک ڈمپر نے بائک کو زوردار ٹکر مار دی۔ ڈمپر نے بائک کو پیچھے ٹکر ماری۔ اس کے بعد سڑک پر گرے لوگوں کو کچلتے ہوئے آگے بڑھتی رہی۔ موقع پر موجود لوگوں نے زخمیوں کو فوراً اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے ان سبھی کو مردہ قرار دے دیا۔
پولیس کے مطابق سبھی لوگ فرکہ تھانہ علاقہ کے مہادیو نگر گاؤں کے رہنے والے تھے۔ مہلوکین کی شناخت اعجاز شیخ، توحید شیخ، جاہل شیخ اور دو سالہ آصف شیخ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ حادثے کے بعد غصے میں بھیڑ نے ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک سڑک کو جام رکھا۔ اس دوران ڈمپر سمیت جام میں پھنسے دیگر گاڑیوں کو نقصان بھی پہنچایا گیا۔ لیکن فوراً ہی پولیس کے جوانوں نے حالات کو قابو میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈمپر ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔