[]
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع جوگولامباگدوال میں منعقدہ لوک عدالت میں دل کو چھولینے والا منظر دیکھاگیا۔گدوال ٹاون سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور گووندکی شادی راجیشوری نامی خاتون سے ہوئی تھی تاہم گووند شراب کے نشہ میں اپنی بیوی سے جھگڑا کیاکرتاتھا۔
ان جھگڑوں سے تنگ آکر راجیشوری نے گدوال ٹاون پولیس اسٹیشن سے شکایت کی۔چند دن بعد شوہر سے افہام وتفہیم کے لئے وہ لوک عدالت سے رجوع ہوئی۔
ڈسٹرکٹ جج کے کوشی کے بشمول ڈسٹرکٹ فرسٹ ایڈیشنل جج انی روز کرسٹین،سینئرسیول جج جی کویتا،جونیر سیول جج اودے نائک کی موجودگی میں منعقدہ اس لوک عدالت میں یہ جوڑا ایک دوسرے سے مل گیا۔ان دونوں نے ایک دوسرے کو ہار پہنائے۔
شوہر نے اعتراف کیا کہ حالت نشہ میں بیوی سے جھگڑا کرنا اس کی غلطی تھی۔جب ججس نے اس سے کہاکہ وہ اپنی بیوی سے معافی مانگے تو اس نے کہا کہ اس کی بیوی، اس کے ماں باپ سے زیادہ اس کا خیال رکھتی ہے۔
اسی لئے وہ اب مزید شراب نہیں پئے گا۔شوہر اور بیوی کے ایک ساتھ مل جانے اور ایک دوسرے کو ہار پہنانے کے منظر کو دیکھ کر تمام نے اس کی ستائش کی۔