جنرل روڈولف ہیکل نے زور دیا کہ لبنانی فوج کی تعیناتی میں واحد رکاوٹ لبنانی سرزمین کے اندر مقامات پر اسرائیل کی موجودگی ہے۔


فائل تصویر آئی اے این ایس
کریات شمونہ کی طرف میزائل داغے جانے کے جواب میں جنوبی لبنان اور بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں کو اسرائیلی بمباری سے نشانہ بنائے جانے کے ایک دن بعد لبنانی فوج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہیکل نے کہا ہے کہ لبنان سے راکٹ باری اسرائیل کے مقاصد پورا کرنے میں مدد فراہم کر رہی ہے۔
جنرل روڈولف ہیکل نے ہفتے کے روز ایک بیان میں مزید کہا کہ فوج مجرموں کو بے نقاب کرنے کے لیے ضروری تحقیقات کر رہی ہے۔ متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ لبنانی فوج کی تعیناتی میں واحد رکاوٹ لبنانی سرزمین کے اندر مقامات پر اسرائیل کی موجودگی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ فوج جنوب میں اپنے مشن کو انجام دینے کے لیے زبردست کوششیں کر رہی ہے۔ اس کی تصدیق لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس یونیفل کی قیادت اور جنگ بندی معاہدے کی نگرانی کی پانچ فریقی کمیٹی نے بھی کی ہے۔
لبنانی شہری سلامتی کی حالیہ پیش رفت اور کریات شمونہ کی طرف دو میزائل داغے جانے کے جواب میں اسرائیل کی جانب سے جنوبی مضافاتی علاقے میں ایک عمارت کو نشانہ بنانے کی روشنی میں لبنان عہدیدار مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی نائب ایلچی مورگن اورٹاگس کے بیروت کے دورے کا انتظار کر رہے ہیں۔لبنان کے ایک سرکاری اہلکار نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو انکشاف کیا کہ اورٹاگس آئندہ اپریل کی پانچ تاریخ اور عید الفطر کی چھٹی کے اختتام کے بعد بیروت کا دورہ کریں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔