امریکہ کی قیادت میں طالبان کے خلاف بیس سالہ جنگ کے دوران افغان فضائیہ کے پائلٹس نے امریکی افواج کے ساتھ اہم کردار ادا کیا، جن میں سے کچھ نے طالبان پر بھاری جانی نقصان پہنچانے والے حملے کیے۔ یہ اتحاد اس وقت ختم ہو گیا، جب اگست 2021 میں غیر ملکی افواج افغانستان سے نکل گئیں اور کابل طالبان کے قبضے میں آ گیا۔ توحید خان انہی پائلٹس میں سے ایک تھے۔ انہوں نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں سی این این کو بتایا کہ جب انہوں نے پہلی بار اپنے آبائی شہر کابل کے اوپر پرواز کی تو انہیں فخر محسوس ہوا تھا۔ لیکن طالبان کے اقتدار میں واپس آنے کے بعد وہ اپنے خاندان کے ساتھ ہمسایہ ملک پاکستان آگئے، وہ خوفزدہ ہیں کہ اگر وہ افغانستان واپس جائیں گے تو ان کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ ان کی حالت کو مزید بدتر کرتے ہوئے، امریکہ اور پاکستان کی پناہ گزین مخالف پالیسیوں کا مطلب ہے کہ 31 مارچ 2025 کی آخری تاریخ تک محفوظ پناہ گاہ تلاش کرنے کے لیے وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔
11 ستمبر کے حملوں کے بعد 2001 میں امریکی حملہ افغانستان کی شہری آبادی کے لیے تباہی کا سبب بنا۔ امریکی قیادت میں اتحادی افواج نے طالبان کو اقتدار سے بے دخل کر دیا، افغانستان میں جمہوریت کی واپسی ہوئی اور خواتین کے لیے نئی راہیں ہموار ہوئیں ۔ لیکن جنگ اور عدم استحکام ملک بھر میں جاری رہے، خاص طور پر دیہی علاقوں میں۔ جنگ میں دسیوں ہزار افراد ہلاک ہوئے۔ 2021 کے پہلے چھ مہینوں میں شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔ تب امریکہ نے افغانستان سے انخلاء شروع کیا تھا اور اس کا افغان فوج پر انحصار بڑھ گیا تھا۔ اقوام متحدہ کی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2021 کے اس عرصے میں امریکی اور افغان فضائی حملوں میں 785 بچے ہلاک ہوئے۔ جیسے ہی امریکہ نے 20 سالہ جنگ کے بعد انخلاء کیا، افغان فوج اور حکومت کا خاتمہ ہو گیا اور طالبان دوبارہ اقتدار میں آ گئے۔