پرینکا نے کہا کہ لینڈ سلائیڈ کے بعد جب وہ وائناڈ پہنچیں تو لوگوں کا درد اور ان کی تکلیف دیکھنے کو ملی۔ ہم ان کے نقصان کا ازالہ نہیں کر سکتے، لیکن مستقبل میں ان کی زندگی آسان بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔


اسکالرشپ برائے اعلیٰ تعلیم کا آغاز کرتے ہوئیں پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اپنے پارلیمانی حلقہ وائناڈ کا دورہ کرتے ہوئے آج آخری دن منڈکئی-چورلمالا لینڈ سلائیڈ میں متاثر ہونے والے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے خصوصی اسکالرشپ کا آغاز کیا۔ کلپیٹا میں منعقد ایک قریب میں انھوں نے متاثرہ بچوں کے درمیان اسکالرشپ تقسیم کی۔
اس موقع پر متاثرہ طلبا کے لیے تعلیم یقینی بنانے کا پرینکا نے عزم ظاہر کیا۔ متاثرہ بچوں کی تعلیم یقینی بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے اس منصوبہ کے لیے رقم مہیا کرانے والے مالابار چیریٹیبل ٹرسٹ سمیت مختلف تعلیمی اداروں و کاروباری تنظیموں کے ذریعہ کی گئی کوششوں کی انھوں نے تعریف بھی کی۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’جب میں یہاں آئی، تو مجھے لوگوں کا درد اور ان کی تکلیف دیکھنے کو ملی۔ ہم صرف اس درد کا تصور کر سکتے ہیں، لیکن جو اپنے رشتہ داروں، ذریعہ معاش اور گھروں کو کھویا ہے، ان کے درد کو پوری طرح سے سمجھنا ممکن نہیں ہے۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’ہم ان کے نقصان کا ازالہ نہیں کر سکتے، لیکن مستقبل میں ان کی زندگی کو آسان بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اس بحران کے بعد سبھی نے اپنے اپنے طریقے سے مدد کی کوشش کی۔ وائناڈ کے لوگوں نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔‘‘
پرینکا گاندھی کا کہنا ہے کہ پیش آئے حالات میں سب سے زیادہ فکر کی بات یہ تھی کہ اس آفت میں کئی بچے اپنے والدین سے محروم ہو گئے، وہ تنہا رہ گئے۔ یو ڈی ایف نے یہ یقینی بنانے کا فیصلہ لیا کہ سبھی متاثرہ طلبا اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ یہ ایک اچھا قدم ہے۔‘‘ کانگریس جنرل سکریٹری نے وائناڈ میں تعلیمی باز آبادکاری کے لیے کلپیٹا رکن اسمبلی ٹی صدیقی کی بھی تعریف کی، جنھوں نے طلبا کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے اور کالجوں سے فیس میں چھوٹ دلانے کے لیے بہت محنت کی۔
پرینکا گاندھی نے اس موقع پر طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کریں اور اپنے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے سخت محنت کریں۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے طلبا کو اپنی طاقت اور ہمت بنائے رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے انھیں بھروسہ دلایا کہ ان کے بہتر مستقبل کے لیے ہر طرح کی مدد سبھی مل کر کریں گے۔ اپنے وائناڈ دورہ کے آخری دن پرینکا گاندھی نے ’دِشا‘ میٹنگ میں بھی حصہ لیا۔ اس کے علاوہ انھوں نے 29 گھروں کی چابی سونپنے کی ایک تقریب میں شرکت کی۔ ساتھ ہی ونڈور میں معذور لوگوں کے درمیان انھوں نے 7 اسکوٹر کی تقسیم بھی کی۔