
حیدرآباد: تلنگانہ میں موسم کی بتدریج تبدیلی سے شہری امراض کے شکار ہیں۔ صبح کے وقت گرمی سے عوام کو پریشانی ہورہی ہے۔ رات میں موسم سرد ہونے کے سبب فلو کے معاملات دیکھے جارہے ہیں۔
بخار‘کھانسی‘گلہ کا درد اور اسہال کے کئی معاملات سامنے آئے ہیں۔ موسم کی تبدیلی کے سبب تنفس کا انفکشن بھی کئی افراد میں دیکھا گیا ہے۔ ایسے افراد اسپتالوں سے رجوع ہورہے ہیں۔
حیدرآباد کے مشہور حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے فیور اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ راجندر پرساد نے ایک تلگو نیوز چیانل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں ہر طرح کی سہولت مریضوں کو فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاج کے ساتھ بخار کس طرح کا اس کا بھی معائنوں کے ذریعہ پتہ چلایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال کے طبی عملہ پر اضافی بوجھ نہیں ہے کیونکہ معمول کے مطابق معاملات ہی رجوع ہورہے ہیں۔ انہوں نے ان معاملات کو ہر سال سامنے آنے والے معاملات قرار دیا۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ گھروں سے باہر نکلتے وقت احتیاط کریں‘ محفوظ پانی اپنے ساتھ ہمیشہ رکھیں۔ انہوں نے گرما کی شدت کے پیش نظر چھانچ‘نیمبو پانی کے استعمال کا مشورہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں موسمی حالات شدید نہیں ہیں۔ موسم کی تبدیلی اور رات میں سردی کے سبب ایسے واقعات سامنے آتے ہیں۔ اس میں احتیاط کافی ہے۔
انہوں نے بازاروں میں دستیاب کول ڈرنکس‘شربت‘گنے کا جوس استعمال نہ کرنے کی خواہش کی اور کہا کہ ناریل پانی محفوظ اور بہتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسپتال میں روزانہ 30افراد ایسے انفکشن سے متاثر ہوکر داخل کئے جارہے ہیں جو اس سیزن میں عام بات ہے۔