پرینکا گاندھی 3 روزہ دورے پر آج وائناڈ پہنچی ہیں۔ ان 3 دنوں میں وہ کئی تقاریب میں شریک ہوں گی۔ آج انھوں نے لینڈ سلائیڈ متاثرین کے لیے مجوزہ ٹاؤن شپ کی سنگ بنیاد رکھتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔


پرینکا گاندھی، تصویر@INCIndia
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعرات کی شام وائناڈ لینڈ سلائیڈ متاثرین کے لیے مجوزہ ٹاؤن شپ کی سنگ بنیاد رکھی اور کہا کہ یہ ان کی بازآبادکاری کی سمت میں پہلا قدم ہے۔ انھوں نے اس پیش قدمی پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہر کسی کو اس کے تئیں مثبت ہونا چاہیے۔
اس سے قبل آج کا دن پرینکا گاندھی کے لیے سرگرمیوں بھرا رہا۔ انھوں نے پلپلّی واقع شری سیتا دیوی لو کش مندر میں دَرشن کے بعد صحافیوں سے بات چیت کی۔ اس دوران وائناڈ کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’دیکھیے، یہ پہلا قدم ہے اور ہم یہاں (ٹاؤن شپ کے) افتتاح کے لیے آئے ہیں، اور ہمیں اس کے تئیں مثبت ہونا چاہیے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہر کسی نے اپنی طرف سے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، کرناٹک حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ مدد کرے گی اور 100 گھر بنائے گی۔ اس لیے مجھے لگتا ہے کہ یہ ایک اجتماعی کوشش ہے اور ہر کسی کو مثبت ہونا چاہیے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ پرینکا گاندھی آج 3 روزہ دورے پر وائناڈ پہنچی ہیں۔ اس دوران وہ کئی تقاریب میں شریک ہوں گی۔ دورہ کے پہلے دن انھوں نے ایلسٹون اسٹیٹ، کلپیٹا میں منڈکئی-چورلمالا لینڈ سلائیڈ میں بچے لوگوں کے لیے مجوزہ ٹاؤن شپ کی سنگ بنیاد رکھی۔ ریاستی حکومت کے ٹاؤن شپ پروجیکٹ کا مقصد ان کنبوں کو مستقل اور سہولیات سے بھرپور رہائش فراہم کرنا ہے، جنھوں نے 30 جولائی 2024 کو وائناڈ کے منڈکئی اور چورلمالا علاقوں میں ہوئے تباہناک لینڈسلائیڈ میں اپنے گھر گنوا دیے تھے۔ اس آفت میں 200 سے زیادہ لوگ مارے گئے تھے، اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔ اس لینڈ سلائیڈ میں دونوں علاقے تقریباً پوری طرح تباہ ہو گئے تھے۔
بہرحال، پرینکا گاندھی نے آج وائناڈ پہنچنے کے بعد پلپلّی میں عوامی طبی دیکھ بھال اور منریگا میں حصولیابیوں کے لیے گرام پنچایت افسران کی تعریف کی۔ سلطان بتھیری کے پلپلّی گرام پنچایت میں نئے گرام پنچایت دفتر احاطہ کا افتتاح کرنے کے بعد انھوں نے کہا کہ ’’یہ دیکھ کر بہت فخر ہوتا ہے کہ جمہوریت زمینی سطح پر اثردار اور خوبصورت طریقے سے کام کر رہی ہے۔‘‘ علاقے میں انسان اور جانوروں کے تصادم کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’ہم سبھی جانتے ہیں کہ دسمبر 2024 کے آخر سے لے رک اس سال فروری کے وسط تک بہت ہی کم وقت میں وائناڈ لوک سبھا حلقہ میں جنگلی جانوروں کے حملوں میں 7 افراد مارے گئے۔‘‘ انھوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں معاملہ اٹھایا گیا ہے اور مرکزی حکومت سے انسان-جانور تصادم کے سبب وائناڈ کے سامنے مشکلات کو روکنے کے لیے نتیجہ خیز قدم اٹھانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’اس مسئلہ کا حل مشکل ہے، لیکن مجھے امید ہے کہ ہم سب مل کر اس مسئلہ کا حل نکال لیں گے، اور آپ کی زندگی آسان ہوگی۔‘‘
اپنے خطاب میں پرینکا گاندھی نے ’منریگا منصوبہ‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبہ میں رقم ملنے میں تاخیر اور بقایہ مزدوری بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ اس تعلق سے کیرالہ کے اراکین پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ میں اپنی آواز اٹھائی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم جتنا ہو سکے، دباؤ ڈالیں گے تاکہ رقم جاری ہو سکے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔