جاوید اختر نے کہا کہ ’’میں چاہتا ہوں کہ ہندوستان کے ہر مموٹی کے پاس موہن لال جیسا دوست ہو اور ہر موہن لال کے پاس مموٹی جیسا دوست ہو۔ ان کی عظیم دوستی کچھ چھوٹے، تنگ نظر لوگوں کی سمجھ سے بالاتر ہے۔‘‘


جاوید اختر، تصویر آئی اے این ایس
مشہور نغمہ نگار جاوید اختر، جو کسی بھی مسئلہ پر اپنی بے باک رد عمل کے لیے جانے جاتے ہیں، انہوں نے ملیالم سینما کے سپر اسٹار موہن لال کے ذریعہ سبریمالا مندر میں اپنے دوست اور اداکار مموٹی کے لیے دعا کرنے پر اپنے مثبت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’میں چاہتا ہوں ہندوستان کے ہر مموٹی کے پاس موہن لال جیسا دوست ہو اور ہر موہن لال کے پاس مموٹی جیسا دوست ہو۔ ظاہر ہے ان کی عظیم دوستی کچھ چھوٹے، تنگ نظر اور منفی لوگوں کی سمجھ سے بالاتر ہے، لیکن کسے پرواہ ہے۔‘‘
واضح ہو کہ حال ہی میں ملیالم سپر اسٹار موہن لال نے اپنے اداکار دوست مموٹی کی صحت یابی کے لیے سبریمالا مندر میں پوجا کروائی تھی اور ان کے لیے دعا بھی کی تھی۔ دوست کے لیے ان کے اس عمل سے تنازعہ کھڑا ہو گیا تھا۔ لوگ اس عمل کے حوالے سے طرح طرح کی باتیں کرنے لگ گئے تھے۔ حد تو یہ ہو گئی کے لوگوں نے دوستی کے اس عمل کو ہندو-مسلم کا رنگ دے دیا تھا۔ کیونکہ موہن لال کے دوست مموٹی کا تعلق مسلم مذہب سے ہے، ان کا اصل نام محمد کُٹّی ہے۔ مموٹی کے پیدائشی نام محمد کُٹّی کے ساتھ سبریمالا مندر میں پوجا کی ایک رسید سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔
وائرل رسید میں ذکر تھا کہ موہن لال نے مموٹی کی صحت یابی کے لیے ’اوشا پوجا‘ کی تھی۔ حالانکہ اس مسئلہ پر موہن لال نے بھی صفائی دی تھی۔ انہوں نے اپنی فلم ’ایل2: ایمپوران‘ کے چنئی ایونٹ کے دوران مموٹی کو اپنے بھائی جیسا بتاتے ہوئے کہا تھا کہ مموٹی کو معمولی صحت کا مسئلہ تھا۔ اس میں کوئی فکر کی بات نہیں ہے۔ اور دوست کے لیے مندر میں دعا کرنا ان کا ذاتی معاملہ ہے۔ آخر اس میں برائی کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جمعرات (27 مارچ) کو موہن لال کی فلم ’ایل2: ایمپوران‘ ریلیز ہوئی ہے جسے ناظرین کا کافی پیار مل رہا ہے۔ فلم ’ایل2: ایمپوران‘ سال 2019 میں آئی فلم ’لوسیفر‘ کا سیکوئل ہے۔ اس کے ہدایت کار پرتھوی راج سوکمارن ہیں۔ موہن لال نے اس فلم میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ فلم نے ایڈوانس بکنگ سے ہی 60 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کر لی تھی۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر کتنے کروڑ روپے کی اوپننگ لیتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔