
حیدرآباد:انسانی اعضاء کے عطیہ کو فروغ دینے اہم اقدام کے تحت، بی آر ایس کے کارگذارصدر اور تلنگانہ کے سابق وزیر کے ٹی راما راؤ نے اسمبلی میں اعلان کیا کہ وہ اپنے اعضاء کا عطیہ کرنے تیار ہیں۔
یہ اعلان انہوں نے اسمبلی میں اعضاء کے عطیہ سے متعلق بل پر بحث کے دوران کیا، جہاں انہوں نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں رہنمائی کریں۔کے ٹی آر نے کہا، ”ہم لاکھوں افرادکی نمائندگی کرتے ہیں، اور ہمارا فرض ہے کہ ہم ایک مثال قائم کریں۔ ہمیں اپنے حلقوں میں اعضاء کے عطیہ کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہوگا۔
“ کے ٹی آر نے دیگر اراکین اسمبلی کو بھی اس مہم میں شامل ہونے کی ترغیب دی اور اسپیکر جی سریکانت ریڈی سے درخواست کی کہ وہ اسمبلی احاطے میں دستخطی مہم کا آغاز کریں۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ وہ بطور گواہ سب سے پہلے دستخط کریں گے، تاکہ اس انسان دوست اقدام کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔انہوں نے کہا، ”اعضاء کا عطیہ زندگیاں بچانے اور بہتر بنانے کی طاقت رکھتا ہے۔ اگر ذمہ دار عہدوں پر فائز افراد اس پہل کو اپنائیں گے تو اس سے دوسروں کو بھی حوصلہ ملے گا۔“