
نئی دہلی (پی ٹی آئی) سپریم کورٹ نے پیر کے روز ایک درخواست پر مہاراشٹرا اتھاریٹی سے جواب طلب کرلیا جس کے ذریعہ ضلع سندھودرگ میں ایک مکان اور دکان کے انہدام پر تحقیر عدالت کارروائی کرنے کی گزارش کی گئی تھی۔
درخواست گزار نے دعویٰ کیا ہے کہ حکام نے ایک فضول شکایت پر جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ گزشتہ ماہ منعقدہ چمپئنس ٹرافی کے دوران ہند۔ پاک میاچ کے دوران مبینہ طور پر مخالف ہند نعرے لگائے گئے تھے‘ اس شکایت کی بنیاد پر مکان اور دکان منہدم کردی گئی ہے۔
جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس اگسٹن جارج مسیح پر مشتمل بنچ نے حکم دیا ”نوٹس جاری کی جائے“۔ بنچ نے کہا کہ اس درخواست کی سماعت چار ہفتوں بعد کی جائے گی۔ درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 13 نومبر 2024 کو صادر کردہ حکم کی مبینہ خلاف ورزی ہوئی ہے۔
یہ حکم جائیدادوں کے انہدام کو روکنے کیلئے جاری کیا گیا تھا اور ملک گیر سطح پر رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے تھے۔ اس حکم کے ذریعہ متاثرہ فریق کو 15 دن پہلے وجہ نمائی نوٹس جاری کئے بغیر انہدامی کارروائیوں پر روک لگادی گئی تھی۔