
نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان اس سال انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے کامنٹری پینل کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ایک رپورٹ کے مطابق انہیں آئی پی ایل کے رواں سیزن کیلئے کامنٹری پینل سے باہر کردیا گیاہے۔
عرفان پٹھان ریٹائرمنٹ کے بعد آئی پی ایل میں باقاعدگی سے کامنٹری کرتے رہے ہیں، تاہم وہ ہفتے کے روز کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان کھیلے گئے آئی پی ایل کے افتتاحی میچ میں نظر نہیں آئے۔ رپورٹ کے مطابق عرفان پٹھان کو کامنٹری پینل سے نکالنے کی وجہ یہ ہے کہ براڈ کاسٹرز ان کے رویے سے خوش نہیں تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پٹھان پر ذاتی تنازعات کو کامنٹری اور سوشل میڈیا پر لانے کا الزام تھا جس کے باعث انہیں پینل سے ہٹادیا گیا۔
عرفان پٹھان کا چند سال قبل کچھ کھلاڑیوں سے اختلاف ہوا تھا جس کے بعد وہ کھل کر ان کے خلاف تبصرے کرتے رہے ہیں۔ اس سے جونیئر کھلاڑی بھی متاثر ہوئے۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق ان پر الزام ہے کہ انہوں نے انکا نام لئے بغیر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان کھلاڑیوں پر تنقید کی۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی معروف کرکٹر کو بی سی سی آئی کی کامنٹری ٹیم سے باہر کیا گیا ہو۔ اس سے قبل 2020 میں سنجے منجریکر کو بھی ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ونڈے سیریز میں کامنٹری پینل سے نکال دیا گیا تھا۔ سنجے منجریکر نے 2019 کے ورلڈ کپ میں رویندر جڈیجہ کے بارے میں متنازعہ تبصرہ کیا تھا جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بعد میں انہیں کامنٹری پینل سے ہٹایا گیا تو انہوں نے کہاکہ میں نے ہمیشہ کامنٹری کو ایک اعزاز سمجھاہے لیکن اسے اپنا حق نہیں سمجھا۔ یہ فیصلہ میرے ایمپلائر کا ہے کہ وہ مجھے رکھنا چاہتے ہیں یا نہیں، میں ہمیشہ اس کا احترام کروں گا۔ اسی طرح 2016 میں معروف کامنٹیٹر ہرشا بھوگلے کو بھی آئی پی ایل کے کامنٹری پینل سے نکال دیاگیا تھا۔ جس پر بھوگلے نے کہا تھاکہ مجھے آج تک نہیں معلوم کہ آئی پی ایل سے کیوں نکالا گیا۔
ان کا کہنا تھاکہ تاہم میں اس حقیقت کو قبول کرتا ہوں کہ کچھ لوگ مجھے پسند نہیں کرتے لیکن مجھے امید ہے ایسا کھلاڑیوں کی شکایات کی وجہ سے نہیں ہوا ہوگا۔