ہربھجن پر آرچر کے خلاف نسل پرسانہ ریمارکس کرنے کا الزام

چینائی: آئی پی ایل 2025 میں ابھی سے تنازعات شروع ہوگئے ہیں۔ سابق ہندوستانی کرکٹر ہربھجن سنگھ، جو اس وقت آئی پی ایل کے کمنٹری پینل کا حصہ ہیں، تنازعات میں گھرگئے ہیں۔ اتوار کو سن رائزرز حیدرآباد اور راجستھان رائلز کے درمیان میچ کے دوران ان کا ایک بیان کافی چرچا ہے۔

بھجی پر نسلی تبصرے کرنے کا الزام ہے۔ ان کا یہ بیان جوفرا آرچر کے بارے میں تھا اور ہربھجن کے اس بیان پر مداح بھی سوشل میڈیا پر تنقید کررہے ہیں۔ آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد بمقابلہ راجستھان رائلز میچ میں کامنٹری کرتے ہوئے ہربھجن نے انگلینڈ اور راجستھان رائلز کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کے بارے میں کچھ بتاتے ہوئے ’بلیک ٹیکسی‘ کا لفظ استعمال کیا تھا۔

وہ ایک مثال دے رہے تھے اور آرچر کو سمجھانے کیلئے یہ لفظ استعمال کررہے تھے۔ اس کے بارے میں مداحوں نے پوسٹ بھی کی ہے اور انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ خود ہربھجن کو اپنے فعال کرکٹ کیریئر کے دوران نسلی تبصروں کا سامنا کرنا پڑا لیکن اب ان کا یہ بیان موضوع بحث بن گیاہے۔

ہربھجن کو ایس آر ایچ بمقابلہ آر آر میچ میں کمنٹری کے دوران یہ کہتے ہوئے سنا گیاکہ ’لندن میں کالی ٹیکسی کا میٹر تیز چلتاہے اور یہاں آرچر صاحب کا میٹر بھی تیز چل رہاہے۔‘ اس معاملے پر مداحوں نے ہربھجن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور ان سے معافی مانگنے کو کہاہے۔

تاہم ہربھجن نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی وضاحت جاری نہیں کی ہے اور نہ ہی معافی مانگی ہے۔ ہربھجن کا یہ بیان اس لیے تھاکہ آرچر بہت مہنگے ثابت ہوئے۔ انہوں نے چار اوورز میں بغیر کوئی وکٹ لیے 76 رنز دیے۔ آرچر کے میٹر چلانے سے ہربھجن کا یہی مطلب تھا۔ تاہم بعض گوشے ہربھجن سنگھ کے اس تبصرے کو کھیل کے اصولوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے ان سے آرچر اور کرکٹ مداحوں سے معافی مانگنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *