ممبئی میں رہائشی عمارت میں لگی آگ، ایک شخص ہلاک، ایک زخمی

ممبئی: ممبئی کے ودیاوہار علاقے میں پیر کی صبح ایک 13 منزلہ رہائشی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی گارڈ کی جان چلی گئی جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق، آگ صبح 4 بج کر 35 منٹ پر ودیاوہار ریلوے اسٹیشن کے سامنے نتھنی روڈ پر واقع تکشیلا کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی پہلی اور دوسری منزل پر لگی۔

آگ لگنے کے باعث پانچ فلیٹوں میں بجلی کی تنصیبات، گھریلو سامان، لکڑی کا فرنیچر، ایئر کنڈیشنر یونٹس اور کپڑے جل کر راکھ ہو گئے، جبکہ عمارت کی پہلی اور دوسری منزل کی لابی میں لکڑی کی دیواروں کی فٹنگ، فرنیچر اور جوتوں کے ریک بھی شدید متاثر ہوئے۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عمارت میں پھنسے 15 سے 20 رہائشیوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

آتشزدگی کے دوران دو سیکیورٹی گارڈز جھلس کر زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر راجواڑی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق، 43 سالہ ادے گنگن 100 فیصد جھلسنے کے باعث جانبر نہ ہو سکے، جبکہ 52 سالہ سبھاجیت یادو 25 سے 30 فیصد جھلسنے کے باعث زیر علاج ہیں۔

فائر بریگیڈ نے آگ کو “لیول ٹو” کی کیٹیگری قرار دیا اور بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی کرتے ہوئے صبح 7 بج کر 33 منٹ تک آگ پر قابو پا لیا۔ تاہم، آتشزدگی کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *