
سکندرآباد میں ایم ایم ٹی ایس ٹرین کے ڈبے میں اکیلی سفر کر رہی ایک نوجوان لڑکی پر ایک نوجوان نے عصمت ریزی کی کوشش کی۔ حملہ آور سے بچنے کی کوشش میں متاثرہ لڑکی ٹرین سے کود گئی، جس کے نتیجے میں اسے شدید چوٹیں آئیں۔
پولیس کے مطابق، 23 سالہ متاثرہ لڑکی کا تعلق اننت پور ضلع سے ہے اور وہ میڈچل میں ایک خانگی کمپنی میں ملازمت کرتی ہے۔ وہ اپنا موبائل فون مرمت کروانے کے لئے سکندرآباد آئی تھی اور بعد میں ایم ایم ٹی ایس ٹرین کے ذریعے میڈچل واپس جا رہی تھی۔
ابتدا میں وہ خواتین کے لیے مخصوص ڈبے میں سوار ہوئی، جہاں دو دیگر خواتین موجود تھیں، لیکن وہ الوال اسٹیشن پر اتر گئیں، جس کے بعد وہ اکیلی رہ گئی۔ اسی دوران ایک 25 سالہ نوجوان نے اس کی عصمت ریزی کی کوشش کی۔ خود کو بچانے کے لیے متاثرہ لڑکی چلتی ٹرین سے کود گئی اور کومپلی کے قریب ایک ریلوے پل کے نیچے گر کر زخمی ہو گئی۔
مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی لڑکی کو فوری طور پر گاندھی اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے حملہ آور کی تلاش شروع کر دی ہے۔