
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع میدک کے کلکٹرراہل راج نے میدک سے رامائم پیٹ ٹاون تک سائیکل پرسفر کیا۔انہوں نے رامائم پیٹ میں آر ٹی سی بس اسٹیشن میں مسافرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اتوار کی صبح 22 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ سائیکل پر طے کیا، جبکہ ان کی اہلیہ بھی ایک اور سائیکل پر ان کے ساتھ اس سفر میں شریک ہوئیں۔
راہل راج نے بس اسٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے ڈپو منیجرکو بس اسٹیشن کے احاطہ کو صاف رکھنے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں، انہوں نے رامائم پیٹ سے میدک تک آر ٹی سی بس میں سفرکیا۔
انہوں نے مسافروں سے بات چیت کی تاکہ ان کے مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکے۔ راہل راج نے حکومت کی جانب سے خواتین کے لئے متعارف کروائی گئی آرٹی سی بسوں میں مفت سفر اسکیم کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔