امریکی الزامات بے بنیاد اور دشمنی پر مبنی ہیں، ایران

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور سیکریٹری جنرل کو ایک خط میں کہا کہ ان الزامات کا مقصد غزہ میں اسرائیلی جنگی جرائم اور نسل کشی سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔

ایروانی نے کہا کہ یہ بے بنیاد الزامات امریکی حکومت کی ایران مخالف پالیسیوں پر مبنی اور زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔ امریکہ ہر موقع پر سلامتی کونسل کو واشنگٹن کے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے اور ایران کو بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بناکر پیش کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

ایران کے مندوب نے مزید کہا کہ امریکہ کی سیاسی، مالی اور عسکری مدد نے اسرائیل کو نڈر بنا دیا ہے، جس کے نتیجے میں وہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے۔ امریکہ کے یہ اقدامات اسرائیل کو احتساب سے محفوظ رکھنے اور سلامتی کونسل کو اس کی ذمہ داریوں سے بھٹکانے کی کوشش ہیں۔

انہوں نے امریکہ کے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بے بنیاد دعوے کو بھی سختی سے رد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیاں مکمل طور پر پرامن اور جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے مطابق ہیں۔

ایران کے مندوب نے مزید کہا کہ امریکہ وہ واحد ملک ہے جس نے عملی طور پر ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال کیا اور جنگی جرائم کا ارتکاب کیا۔ مزید برآں، واشنگٹن کی جانب سے اسرائیل کے غیر اعلانیہ جوہری ہتھیاروں پر خاموشی اور غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف اس کے ممکنہ استعمال کی دھمکیوں کو نظرانداز کرنا امریکہ کی منافقت اور دوہرے معیار کو واضح کرتا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *