غیرقانونی طور پر ہندوستانی سرحد میں داخل بلوچ خاتون پکڑی گئی (ویڈیو)

جئے پور (آئی اے این ایس) بارڈر سیکوریٹی فورس(بی ایس ایف) نے پیر کے دن ہند۔ پاک سرحد غیرقانونی طورپر پارکرکے راجستھان میں داخل ہونے والی ایک عورت کو پکڑلیا۔ وہ بلوچستانی ہونے کا دعویٰ کررہی ہے۔

اسے آج صبح ضلع سری گنگانگر انوپ گڑھ میں وجیتا چوکی کے قریب پکڑلیا گیا۔ اس نے پاکستان جانے سے انکار کردیا ہے۔ اس کا دعویٰ ہے کہ اگر اسے واپس بھیجا گیا تو اس کی زندگی خطرہ میں پڑے گی۔

عہدیداروں کے بموجب وہ آج صبح 5:30 بجے کے آس پاس خاردار تار والی باڑھ پار کرکے ہندوستانی علاقہ میں داخل ہوئی۔ وجیتا چوکی پر تعینات بی ایس ایف جوانوں نے اسے فوری پکڑلیا۔

ابتدائی پوچھ تاچھ میں اس نے ہندوستان میں پناہ کی درخواست کی ہے۔ اس کا نام حمیرہ(33 سالہ) ہے۔ وہ بلوچستان کے ضلع کیچ کے موضع دگڑی خان کی رہنے والی ہے۔ اس نے اپنے شوہر کا نام وسیم بتایا ہے۔

اس کا کہنا ہے کہ اس کے والدین اصل میں کراچی کے رہنے والے ہیں۔ سیکوریٹی فورسس نے اس کے قبضہ سے ایک موبائل فون‘ سونے کی بالیاں‘ نتھ اور سونے کے کنگن برآمد کئے۔ سیکوریٹی ایجنسیاں اچھی طرح تحقیقات کررہی ہیں۔ حکام پتہ چلانے کی کوشش میں ہیں کہ اس نے سرحد کیوں پار کی۔ کہیں کسی مشتبہ تنظیم سے اس کے روابط تو نہیں۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *