نئی دہلی: پارلیمنٹ میں پیر کو منی پور کے بجٹ پر زبردست ہنگامہ ہوا، جہاں اپوزیشن ارکان نے حکومت پر شدید تنقید کی۔ راجیہ سبھا میں بحث کے دوران اپوزیشن نے الزام لگایا کہ تشدد سے متاثرہ منی پور کے بجٹ میں تقریباً تمام مدوں میں کٹوتی کر دی گئی ہے، جب کہ وہاں تعمیر نو کے لیے زیادہ رقم مختص کی جانی چاہیے تھی۔
دریں اثنا، دراوڑ منیتر کڑگم (ڈی ایم کے) کے رکن آر گرراجن نے سوال اٹھایا کہ ’ڈبل انجن‘ حکومتیں ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں کتنا تعاون دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اس بارے میں وضاحت دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منریگا جیسے پروگراموں کے بجٹ میں تمل ناڈو کے لیے گہری کٹوتی کی گئی ہے، جب کہ یہ ریاست کے لیے بے حد اہم ہے۔