
نئی دہلی (پی ٹی آئی) بی جے پی نے پیر کے دن سرکاری ٹھیکوں میں مسلمانوں کو 4 فیصد کوٹہ دینے کی حکومت ِ کرناٹک کی تجویز کو ”غیردستوری حماقت“ قراردیا۔
اس نے کہا کہ وہ اس کے خلاف ہر سطح پر لڑے گی۔ وہ عدالت میں بھی اسے چیلنج کرے گی۔ جمعہ کے دن کرناٹک کابینہ نے کے ٹی پی پی ایکٹ میں ترمیم کو منظوری دی تھی جس کی رو سے 2 کروڑ روپے تک کے سیول کاموں اور 1 کروڑ روپے تک کے گڈس/ سرویسس کنٹراکٹس میں مسلمانوں کو 4 فیصد ریزرویشن ملے گا۔
بنگلورو ساؤتھ حلقہ لوک سبھا کی نمائندگی کرنے والے بی جے پی قائد تیجسوی سوریہ نے بنگلورو میں پارٹی ہیڈکوارٹرس میں کہا کہ بی جے پی مجوزہ غیردستوری عہدہ کی سخت مخالفت کرتی ہے۔ اس کا مطالبہ ہے کہ سدارامیا حکومت فوری مجوزہ غیردستوری حماقت سے باز آجائے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر سدارامیا کی حکومت کا یہ فیصلہ کانگریس کی اعلیٰ قیادت خاص طورپر راہول گاندھی کی ہدایت پر مسلمانوں کی خوشامد کی سوچی سمجھی پہل ہے۔ اسے عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ بی جے پی‘ اسمبلی کے اندر اور سڑکوں پر اس کی مخالفت کرے گی۔
تیجسوی سوریہ نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کے اندر بھی یہ مسئلہ اٹھائیں گے۔ پارلیمنٹ کے باہر بھی ہم احتجاج کریں گے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ حکومت ِ کرناٹک کا یہ اقدام قومی سلامتی‘ اتحاد اور اقتدارِاعلیٰ کے لئے خطرہ ہے۔