
بنگلور ۔ ریاست کرناٹک میں پولیس نے بھاری مقدار میں منشیات ضبط کئے ہیں۔ غیر قانونی طور پر منشیات کی اسمگلنگ کرتے ہوئے دو غیر ملکی خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بنگلور ایئرپورٹ پر ان کے قبضہ سے 75 کروڑ روپے مالیت کی 37 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی ہیں۔
گرفتار کی گئی خواتین کی شناخت نائجیریا کی بامبا فانٹا (31) اور ابیگیل اڈونیس (30) کے طور پر ہوئی ہے۔ منگلور پولیس کمشنر انوپم اگروال نے میڈیا کو بتایا کہ ان خواتین کو دہلی سے ایم ڈی ایم اے ٹرالی بیگ میں منتقل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے موبائل فون، پاسپورٹ اور 18 ہزار روپے نقدی بھی برآمد کی۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دونوں خواتین دہلی میں مقیم تھیں اور ملک بھر میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث پائی گئیں۔ وہ فضائی سفر کے ذریعہ مختلف مقامات پر منشیات پہنچاتی تھیں۔ پولیس کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران انہوں نے 37 مرتبہ ممبئی اور 22 مرتبہ بنگلور کا فضائی سفر کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بامبا فانٹا 2020 میں بزنس ویزا پر ہندوستان آئی تھی جبکہ ابیگیل اڈونیس 2016 سے ملک میں مقیم ہے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ دو سال سے یہ دونوں خواتین منشیات کے ایک بڑے گروہ کا حصہ ہیں۔