دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس خواتین کی ترقی، فلاح و بہبود اور ان کے وقار کے لیے پُرعزم ہے۔ جن ریاستوں میں کانگریس کی حکومتیں ہیں وہاں عوام سے کیے گئے تمام تر وعدوں کو پورا کیا جا رہا ہے۔


دیویندر یادو / تصویر آئی این سی
نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس خواتین کی ترقی، فلاح و بہبود اور ان کی عزت و وقار کے لیے پُرعزم ہے۔ جن ریاستوں میں کانگریس کی حکومتیں ہیں وہاں انتخاب کے دوران عوام سے کیے گئے وعدوں کو وقت مقررہ پر پورا کر کے ان ریاستوں کی عوام کو بااختیار اور مضبوط بنانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ کانگریس کی تلنگانہ حکومت نے خواتین صنعت کاروں کو بااختیار بنانے کے لیے 25000 کروڑ روپے کا بلا سود قرض دینے کا اعلان کیا ہے۔ وہیں ملک کی جن ریاستوں میں بی جے پی حکومت میں ہے، وہاں یا تو بی جے پی نے اپنے انتخابی وعدوں کو نافذ نہیں کیا یا اگر کیا بھی تو جزوی طور پر کیا۔ اب یہی حالت دہلی کی ہے جہاں انتخاب سے قبل مودی کی گارنٹیوں کا اعلان تو کیا گیا تھا لیکن ان کو نافذ کرنے کی سمت میں کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔
دہلی کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ تلنگانہ حکومت کی طرح دہلی کی بی جے پی حکومت کو بھی دہلی کی خواتین صنعت کاروں کو بااختیار اور معاشی طور پر مضبوط کرنے کے لیے 25000 کروڑ روپے کے بلا سود قرض کا اعلان کرنا چاہیے اور اس اسکیم کے لیے بجٹ میں انتظام کیا جانا چاہیے۔ علاوہ ازیں دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس کی تلنگانہ حکومت نے خواتین صنعت کاروں کو بااختیار بنانے کے لیے 25000 کروڑ روپے بلا سود دینے کا اعلان کر کے ثابت کر دیا ہے کہ کانگریس جو کہتی ہے اسے پورا کرتی ہے۔ ایک طرف کانگریس نے اپنی حکومت والی ریاستوں کرناٹک، تلنگانہ اور ہماچل پردیش میں خواتین، کسانوں اور نوجوانوں سے جو بھی وعدے کیے تھے انہیں پورا کیا ہے۔ دوسری جانب بی جے پی نے اپنی حکومت والی ریاستوں میں عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ 8 فروری کو دہلی میں اکثریت ملنے کے بعد سے آج تک انتخاب میں عوام سے کیے وعدوں پر حکومت نے کوئی حکم جاری نہیں کیا ہے۔ 5 مارچ سے بی جے پی حکومت خواتین، تجار اور پیشے ور لوگوں سمیت کسانوں سے صرف ملاقات کر کے ان کی رائے لے رہی ہے۔ بی جے پی حکومت خواتین کو 2500 روپے ماہانہ ’سمردھی‘ رقم، 500 میں گیس سلنڈر، ہولی دیوالی پر مفت سلنڈر دینے، خواتین کو پنشن کی رقم میں اضافہ جیسے اعلانات پر خاموشی اختیار کیے ہوئی ہے۔ بی جے پی نے ’مہیلا سمردھی یوجنا‘ کے لیے صرف 5100 کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے، نوٹیفیکیشن کا وقت طے نہیں کیا ہے، اس سے حکومت کی نیت کا واضح طور پر اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔