
حیدرآباد 12مارچ (پریس نوٹ) کسی بھی مہذب و ترقی یافتہ سماج میں صنف کی بنیاد پر امتیاز کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ جن اقوام میں خواتین کو جنس کی بنیاد پر امتیاز کا سامنا ہے وہ اقوام اب بھی ترقی کے دھارسے بہت دور ہیں جبکہ جن ممالک میں خواتین کو اُن کے حقوق میسر ہیں اور وہاں خواتین کی تعداد مرد سے زیادہ یا مساوی ہے ایسے ممالک دنیا میں ترقی یافتہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار مشہور ماہر معاشیات وتلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے معزز رکن جناب پروفیسر عامر اللہ خان نے مولاناآزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے مرکز برائے مطالعات نسواں و شعبہ تعلیم نسواں کے اشتراک سے منعقدہ جلسہ تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پروفیسر عامر اللہ خان نے کہا کہ اب بھی سماج میں جنس کی بنیادپر امتیاز کا سلسلہ جاری ہے۔ لڑکیوں کو لڑکوں کے مقابلے کم غذا دی جاتی ہے جس سے لڑکیوں میں نیوٹریشن یعنی تغذیہ کے کمی کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔اُنہوں نے لڑکے اور لڑکی سب کو یکساں غذا فراہم کرنے پر زوردیا۔ یادرہے کہ عالمی یوم خواتین 2025کے تقاریب کے ضمن میں یونیورسٹی طلبہ کے لئے ”تمام لڑکیوں اور خواتین کے لئے: حقوق، مساوات اور بااختیاری “ عنوان کے تحت مرکز برائے مطالعاتِ نسواں اورشعبہ تعلیمِ نسواں کے اشتراک سے تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ان مقابلوں میں طلبا کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ مقابلے میں حصہ لینے والے طلبہ کو اردو، ہندی اور انگریزی زمر ے کے تحت اول اورد دم انعامات سے نوازا گیا اول انعام پندرہ سو اورایک سندجبکہ دوم انعام ایک ہزار روپیے اورایک سند پر مشتمل تھا۔
اردو زبان کے زمرے میں قانون کے طالب علم مسٹرعابد رضا اول، اردو پی ایچ ڈی کے اسکالر مسٹر محمد سلمان دوم، ہندی میں بی اے سال سوم کی طالبہ عالیہ ناز اول، ایم ایس سی فزکس کی طالبہ، اپراجیتا آ نند دوم، جبکہ انگریزی میں لا کی اسٹوڈنٹ مس ماریہ سوری اول، ایم اے انگلش کی طالبہ فرہین غفار سندی نے دوم انعام حاصل کیا۔اس کے علاوہ اس تقریب میں قومی سطح پر یوجی سی جے آر ایف میں اول مقام حاصل کرنے والی یونیورسٹی کی ہونہار طالبہ انعم ظفر کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔ یونیورسٹی کے رجسٹرا ر پروفیسر اشیاق احمد نے بطور مہمان اعزازی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے طلبہ ریاستی، زونل اور قومی سطح کے مختلف مقابلوں اور پروگراموں میں حصہ لیکرشاندار مظاہرہ کرتے انعامات حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی موجودہ وائس چانسلر جناب پروفیسر سید عین الحسن صاحب کی قیادت میں ترقی کی سمت گامزن ہے جس کی مثال قومی سطح کے مقابلوں میں یونیورسٹی کے طلباء کی نمائندگی اور کامیابی ہے۔
شعبہ تعلیم نسواں کی صدر ڈاکٹر شبانہ کیسر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے پروگرام کے انعقاد کے اغراض ومقاصد انتہائی خصوبصورت انداز میں بیان کیا۔ جبکہ ڈین اسکول برائے فنو ن و سماجی علوم، ڈائریکٹر مطالعات نسواں پروفیسرشاہدہ نے صدارتی کلمات میں خواتین کی تعلیم پر زور دیا۔ انہوں نے گزشتہ 3مارچ 9مارچ یوم خواتین تقاریب کے ضمن میں یونیورسٹی میں منعقد کیے گئے مختلف سرگرمیوں کا بھی ذکر کیا۔پروگرام کنوینرو شعبہ تعلیم ِ نسواں
کے فیکلٹی ڈاکٹر تبریزحسین نے پروگرام کی کارروائی؎ احسن طریقے سے چلائی۔ تقریب میں اساتذہ، طلبہ و یونیورسٹی استاف کی بڑی تعداد موجود تھی۔