مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام کے ساحلی علاقوں میں الجولانی حکومت کے عناصر کے ہاتھوں بے گناہ اور نہتے شہریوں کے قتل عام پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ اور روس کی جانب سے پیش کردہ قرار داد پر سلامتی کونسل نے لاذقیہ اور طرطوس میں ہونے والے پرتشدد واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔
کونسل کے اراکین نے کہا کہ ہم شام میں خاص طور پر اسپتالوں جیسے غیر فوجی انفراسٹرکچر پر حملوں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
سلامتی کونسل نے ابو محمد الجولانی کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ غیر ملکی دہشت گرد جنگجوؤں سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی سے متعلق قراردادوں پر عمل کرے۔
بیان میں شامی عبوری حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اجتماعی قتل عام میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائے اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق آزاد، شفاف اور فوری تحقیقات کرکے ان جرائم کے مرتکب افراد کو سزا دے۔
سلامتی کونسل نے واضح کیا کہ تمام حالات میں انسانی حقوق کا احترام ضروری ہے اور جو افراد ہتھیار ڈال چکے ہیں یا خود کو حکام کے حوالے کر چکے ہیں، ان کے ساتھ انسانی سلوک کیا جائے۔
کونسل نے الجولانی رژیم سے مطالبہ کیا کہ وہ نسلی یا مذہبی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔