’آپ کی حکومت اورنگ زیب سے بھی زیادہ بری ثابت ہو رہی‘، سنجے راؤت نے بی جے پی کو بنایا ہدف تنقید

شیو سینا یو بی ٹی لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ اگر اورنگ زیب نے ناانصافی اور مظالم کیے تھے تو آپ لوگ کیا کر رہے ہیں؟ کسان مر رہے ہیں، بے روزگاری بڑھ رہی ہے، خواتین خود کشی کر رہی ہیں۔

سنجے راؤت، تصویر آئی اے این ایسسنجے راؤت، تصویر آئی اے این ایس
سنجے راؤت، تصویر آئی اے این ایس
user

مہاراشٹر میں سماجوادی پارٹی لیڈر ابو عاصم اعظمی کے ذریعہ اورنگ زیب کی تعریف میں دیے گئے بیان نے ایک الگ ہی ہنگامہ برپا کر رکھا ہے۔ ریاست میں کم ہی ایسے لیڈران ہیں جو ابو عاصم اعظمی کا دفاع کرتے نظر آئے ہوں۔ اس درمیان شیوسینا یو بی ٹی لیڈر سنجے راؤت نے اورنگ زیب کو لے کر ہنگامہ کرنے والے بی جے پی لیڈران کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے راؤت نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اورنگ زیب کو مرے ہوئے 400 سال ہو گئے، اسے بھول جاؤ۔ مہاراشٹر میں کسان خود کشی کر رہے ہیں، کیا وہ اورنگ زیب کی وجہ سے کر رہے ہیں؟ نہیں، وہ آپ کی پالیسیوں کی وجہ سے خود کشی کر رہے ہیں۔‘‘

سنجے راؤت نے بی جے پی حکومت کو اورنگ زیب سے بھی زیادہ ظالم اور بدتر ٹھہرایا ہے۔ انھوں نے بلاجھجک انداز میں کہا کہ ’’اگر اورنگ زیب نے ناانصافی اور مظالم کیے تھے، تو آپ لوگ کیا کر رہے ہیں؟ کسان مر رہے ہیں، بے روزگاری بڑھ رہی ہے، خواتین خود کشی کر رہی ہیں۔ اورنگ زیب کی حکومت ختم ہو چکی ہے، لیکن آپ کی حکومت اس سے بھی زیادہ بری ثابت ہو رہی ہے۔‘‘

اس درمیان شیوسینا یو بی ٹی لیڈر نے عوامی سیکورٹی ایکٹ سے متعلق بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم اظہار رائے کی آزادی کے لیے آواز اٹھائیں گے۔ ہم جیسے لوگ ہمیشہ سے اس لڑائی میں شامل رہے ہیں۔ اگر آپ ہمارے حقوق اور آزادی کا گلا گھونٹیں گے تو اس ملک کے لوگ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انھوں نے تلخ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’مذہب کے نام پر نشہ دے کر آپ (بی جے پی) ہماری آزادی پر حملہ نہیں کر سکتے۔‘‘

سنجے راؤت نے بی جے پی کے طریقۂ حکمرانی اور عوام مخالف پالیسیوں پر زوردار حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر حکومت کو لگتا ہے کہ ان کے خلاف کوئی کھڑا نہیں ہوگا، تو ہم کھڑے ہیں، اور لاکھوں افراد ہمارے ساتھ ہیں۔ ہم حکومت کی تاناشاہی کے خلاف مضبوطی سے لڑیں گے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہمیں کوئی پروا نہیں، ملک کی آزادی اہم ہے، بی جے پی کی آزادی نہیں۔ ہمارے اور عوام کے حقوق سب سے زیادہ اہم ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *