
وارانسی (پی ٹی آئی) چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے چہارشنبہ کے روز مذہبی مقامات پرنصب لاؤڈ اسپیکرس کے لئے آواز پر قابو پانے کے مستقل اقدامات پر زور دیا۔
سرکٹ ہاؤز میں ترقیاتی پراجکٹس اور نظم وضبط کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ہولی تقاریب کے دوران ڈی جے کی اونچی آواز پر سختی سے امتناع عائد کریں۔
چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کلیدی مقامات جیسے بینکوں‘ مالیاتی اداروں‘ دکانات اور تجارتی اداروں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں۔
انہوں نے مویشیوں کی اسمگلنگ پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا اور اسمگلنگ کرنے والوں‘ گاڑی مالکین اور سازباز کرنے والے پولیس ملازمین کو سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔
اے ڈی جی زون پیوش موردیا کو ہدایت دی گئی کہ وہ ضلع واری جائزہ لیں تاکہ مویشیوں کی اسمگلنگ پر ریاست کے مکمل امتناع کے موثر نفاذ کو یقینی بنایا جاسکے۔