مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خط ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو موصول ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر انور قرقاش نے آج تہران میں وزارت خارجہ کا دورہ کیا اور ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی۔
انور قرقاش امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک خط لے کر آئے تھے، جو انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ کے حوالے کردیا۔
اس ملاقات میں عراقچی کے سیاسی مشیر مجید تختروانچی اور خلیج فارس کے امور کے مشیر محمد علی بک بھی موجود تھے۔
اس سے پہلے عراقچی نے کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے اعلیٰ حکام کو ایک خط لکھا ہے، جو ابھی ہمیں موصول نہیں ہوا، لیکن جلد ہی ایک عرب ملک کا نمائندہ اسے تہران میں ہمارے حوالے کرے گا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی آج اس بات کی تصدیق کی کہ اماراتی عہدیدار ٹرمپ کا خط لے کر آئے ہیں۔
آکسیوس کے مطابق ٹرمپ کے مشرقِ وسطی کے لیے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکاف نے کل ابوظہبی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اماراتی صدر محمد بن زاید کو یہ خط سونپا، جس کے بعد اسے تہران بھجوایا گیا۔