
قاہرہ: مصر کی معروف اسلامی درسگاہ جامعہ الازہر کے عالم ڈاکٹر احمد کریمہ نے دوسری شادی سے متعلق بیان دے کر ایک نئی بحث چھیڑ دی۔ ان کا کہنا ہے کہ مرد کو دوسری شادی کا مکمل حق حاصل ہے اور شریعت میں اس کے لیے کسی اضافی جواز کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیوی کو چاہیے کہ وہ شوہر کو اس معاملے میں مدد فراہم کرے اور اس میں اس کا ساتھ دے۔
عرب میڈیا کے مطابق، ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد کریمہ، جو جامعہ الازہر میں تقابلی فقہ کے پروفیسر ہیں، نے وضاحت کی کہ دوسری شادی نہ فرض ہے، نہ واجب اور نہ ہی ممنوع، بلکہ یہ ایک جائز عمل ہے، جس کی اجازت انصاف کی شرط کے ساتھ دی گئی ہے۔ ان کے مطابق، ہر مرد کو خود فیصلہ کرنا چاہیے کہ آیا وہ بیویوں کے درمیان برابری کر سکتا ہے یا نہیں۔
ڈاکٹر احمد کریمہ نے مزید کہا کہ بیوی کو چاہیے کہ وہ اپنے شوہر کو گناہوں سے بچانے کے لیے دوسری شادی میں اس کا ساتھ دے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ذاتی طور پر ایک سے زیادہ شادیوں کی حمایت نہیں کرتے، مگر اسے غلط بھی نہیں سمجھتے۔
علمائے کرام کا کہنا ہے کہ اسلام میں تعددِ ازدواج کی اجازت ضرور ہے، مگر اس کے لیے عدل و انصاف کی شرط کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اگر کوئی شخص اپنی بیویوں کے درمیان مساوات اور برابری نہیں کر سکتا، تو اسے ایک ہی نکاح پر اکتفا کرنا چاہیے۔
ڈاکٹر احمد کریمہ کے اس بیان پر سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے، جہاں کچھ افراد ان کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں، جبکہ دیگر اسے ایک متنازع بیان قرار دے رہے ہیں۔