
جموں: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عارضی ملازموں کے مطالبات کو صحیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مسئلہ مالی نہیں بلکہ ایک انسانی مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا، ‘کل جو احتجاج کرنے پر ان کے ساتھ برتاؤ کیا گیا ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا’۔
وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو اسمبلی میں اس معاملے پر اٹھائے گئے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا، ‘عارضی ملازموں کے ساتھ جو برتائو کیا گیا وہ ہمارے کہنے پر نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان کے ساتھ ایسا برتائو ہونا چاہئے تھا’۔
ان کا کہنا تھا، ‘یہ ہمارے ملازم ہیں اور ان کے مطالبات صحیح ہیں’۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ مالی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی مسئلہ ہے اور ان کے ساتھ انسانی بنیادوں پر برتائو کیا جانا چاہئے تھا۔
انہوں نے کہا، ‘امید ہے کہ اب یہ بات پولیس حکام تک پہنچ گئی ہوگی اور اگلی بار جب یہ ملازم احتجاج کریں گے تو ان پر لاٹھیاں نہیں بر سائی جائیں گی بلکہ ان کو سنا جائے گا’۔
ان کا کہنا تھا، ‘بدقسمتی سے پولیس پر ہمارا کنٹرول نہیں ہے’۔