آئی پی ایل کے بانی للت مودی نے وانوتو کی شہریت حاصل کرلی۔ ہندوستانی پاسپورٹ حوالے

نئی دہلی (پی ٹی آئی) انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے بانی للت مودی نے لندن میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے پاس درخواست داخل کی ہے کہ وہ اپنا ہندوستانی پاسپورٹ حوالے کرنا چاہتے ہیں۔ وزارتِ خارجہ نے آج اس بات کی توثیق کی۔

بتایا جاتا ہے کہ مودی نے ساؤتھ پیسفک کے جزیرہ نما ملک وانوتو کی شہریت حاصل کرلی ہے۔ انھوں نے 2010 میں ہندوستان چھوڑا تھا اور لندن میں مقیم تھے۔ سابق آئی پی ایل سربراہ ان الزامات کے سلسلہ میں نفاذِ قانون ایجنسیوں کو مطلوب ہیں کہ وہ آئی پی ایل کے سربراہ کی حیثیت سے اپنے دور میں کروڑہا روپئے کے فنڈس کے غبن میں ملوث رہے ہیں۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ انھوں نے لندن میں ہائی کمیشن آف انڈیا کے دفتر میں درخواست داخل کی ہے کہ وہ اپنا پاسپورٹ حوالے کرنا چاہتے ہیں۔ ہم قواعد کے مطابق اس کا جائزہ لیں گے۔ قانون کے تحت اُن کے خلاف کیس جاری رہے گا۔

للت مودی کی شہریت کے بارے میں پوچھے جانے پر وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ للت مودی نے لندن میں ہندوستانی ہائی کمیشن میں اپنا پاسپورٹ سرنڈر کرنے کے لیے درخواست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ جمع کرانے کے موجودہ قواعد اور طریقہ کار کی روشنی میں اس کی جانچ کی جائے گی۔

جیسوال نے کہا کہ ہمیں یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ للت مودی نے وانواتو کی شہریت حاصل کر لی ہے۔ لیکن ہم اپنے قانون کے تحت اس کے خلاف معاشی جرائم کے مقدمات کی پیروی جاری رکھیں گے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *