وقف بل کی مخالفت کیلئے تمام جمہوری راستے اختیار کئے جائیں گے: کانگریس

نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے آج کہا کہ وقف (ترمیمی) بل جب منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا تو ان کی پارٹی اِس کی مخالفت کرنے تمام جمہوری راستے اختیار کرے گی۔

انھوں نے زور دے کر کہا کہ انڈیا بلاک مجوزہ قانون سازی کے مواد، نیت اورحدود(دائرہ اختیار) کا مخالف ہے۔ بجٹ اجلاس کے دوسرے نصف کے آغاز سے قبل جئے رام رمیش نے کہا کہ اِس بل کی مشترکہ طور پر مخالفت کرنے انڈیا بلاک کی جماعتوں کے درمیان تفصیلی مشاورت ہوگی اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں قائدین ِ اپوزیشن اس مسئلہ پر بہت جلد انڈیا بلاک کی جماعتوں کے ساتھ تال میل پیدا کریں گے۔

رمیش نے پی ٹی آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امکان ہے کہ وقف ترمیمی بل پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے دوسرے حصہ میں پیش کیا جائے گا۔ اِس میں کوئی شبہ نہیں کہ کانگریس اِس بل کی مخالفت کرے گی۔ دیگر کئی سیاسی جماعتیں بھی ایسا ہی کریں گی۔

انھوں نے الزام لگایا کہ میرے خیال میں انڈیا بلاک سے وابستہ سیاسی جماعتیں اس بل کے مواد، نیت اور دائرہ کار کی مخالف ہیں۔ اس بل کو جس طرح زبردستی پیش کیا گیا ہے، وہ پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی کے عمل کا مذاق ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری و انچارج برائے مواصلات نے کہا کہ وقف (ترمیمی) بل متنازعہ ہے اور اِس کی ہر ممکن انداز میں مخالفت کی جائے گی۔ یہ انتہائی غیرضروری ہے۔

پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی نے جس انداز میں کام کیا وہ غیرجمہوری تھا۔ انھوں نے کہا کہ بعض گواہوں کو چنندہ طور پر طلب کیا گیا تھا جبکہ بعض گواہوں کو طلب ہی نہیں کیا گیا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ پارلیمنٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی مشترکہ کمیٹی نے اس بل کی ہر شق پر مباحث کے بغیر اپنی رپورٹ پیش کی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *